بلاول بھٹو کا جماعت اسلامی کے غزہ ملین مارچ کی حمایت کا اعلان

اسلام آباد: چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جماعت اسلامی کے غزہ ملین مارچ کی حمایت کا اعلان کر دیا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے ملاقات کی۔ اور انہیں غزہ ملین مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کا وفد زرداری ہاؤس اسلام آباد پہنچا۔ اس موقع پر لیاقت بلوچ اور میئر کراچی مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔

حافظ نعیم الرحمان نے بلاول بھٹو کو غزہ ملین مارچ میں شرکت کی کی دعوت دی۔ ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے۔ لبنان پر بھی حملہ کیا۔ حکمرانوں کو غزہ کی صورتحال پر توجہ دینا ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ 7 اکتوبر کو ملک بھر میں 12 بجے احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکلیں گے۔ ساری سیاسی اختلافات کے باوجود فلسطین پر ایک ہوجائیں۔ جماعت اسلامی 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں ایمبیسی روڈ پر غزہ و لبنان سے اظہار یکجہتی کے لیے ملین مارچ کرے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نظریاتی اختلافات ایک طرف رکھتے ہوئے ہم اس مسئلے پر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔ اور پورے پاکستان کو ایک ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔ سیاسی جماعتیں اختلافات کی وجہ سے آپس میں ہاتھ ملانے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں بھی یہ اچھی پیش رفت ہے۔ میں نے امیر جماعت اسلامی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ اس مسئلے پر پیپلز پارٹی جماعت اسلامی کا ساتھ دے گی۔ متحد ہوکر دنیا کو ایک پیغام بھیجیں کہ ہم غزہ کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں