حزب اللہ یا ایران کے ساتھ ہر طرح کی جنگ شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو لوٹنے میں مدد نہیں دے گی.ترجمان وائٹ ہاﺅس
امریکا نے عندیہ دیا ہے کہ وہ مشرق وسطی میں اپنی فضائی مدد کی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہا ہے اور خطے میں فوجیوں کو تعینات کرنے کی تیاری میں اضافہ کر رہا ہے غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق واشنگٹن کی طرف سے یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب اسرائیل کی جانب سے ایک بڑے فضائی حملے میں حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصر اللہ کی شہادت سے خطے میں غم وغصہ ہے.
دوسری جانب ایران نے اس کا بدلہ لینے کا عزم ظاہر کیا ہے اور اسے صہیونی حکومت کا بھیانک جرم قرار دیتا ہے، ایران کا مزید کہنا تھا کہ اس کا جواب دیا جائے گا ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ اسرائیل کو ایران کے ساتھ منسلک ممالک پر یکے بعد دیگرے حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے اس کشیدگی نے سفارتی محاذ پر ہلچل پیدا کر دی ہے اور روسی وزیر اعظم میخائل مشستین آج تہران میں ایرانی صدر سے ملاقات کریں گے.
تہران نے اسرائیل کے اقدامات پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کا بھی مطالبہ کیا ہے وائٹ ہاﺅس کی قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا کہ حزب اللہ یا ایران کے ساتھ ہر طرح کی جنگ شمالی اسرائیل کے رہائشیوں کو اپنے گھروں کو لوٹنے میں مدد نہیں دے گی. سی این این سے انٹرویو میںان کا کہنا تھا کہ اگر آپ ان لوگوں کو بحفاظت اور پائیدار طریقے سے گھر واپس لانا چاہتے ہیں تو ہمیں یقین ہے کہ سفارتی راستہ ہی صحیح راستہ ہے دوسری جانب امریکہ نے تہران کو خبردار کیا ہے کہ وہ صورتحال سے فائدہ اٹھانے یا تنازع کو نہ بڑھائے.
پینٹاگون کے ترجمان میجر جنرل پیٹرک رائیڈر کا ایک بیان میں کہنا تھا کہ اگر ایران یا اس کی حمایت کرنے والے گروپ اس موقع پر خطے میں امریکیوں یا مفادات کو نشانہ بناتے ہیں تو امریکا اپنے لوگوں کے دفاع کے لیے ہر ضروری اقدام کرے گا واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیل نے فلسطین اور لبنان کے بعد تیسرے مسلمان ملک پر حملہ کرتے ہوئے یمن میں بمباری کی جس کے نتیجے میں5 افراد شہید اور 30 سے زائد زخمی ہو گئے تھے حوثیوں کی جانب سے چلائے جانے والے ٹی وی چینل کے مطابق اسرائیلی حملے میں ابتدائی معلومات کے مطابق ایک پورٹ ورکر اور تین انجینئرز سمیت کم از کم 4 افراد شہید اور 33 زخمی ہو گئے جبکہ ایمبولینس اور ریسکیو ٹیمیں دیگر لاپتا افراد کی تلاش میں مصروف ہیں.