گاڑیوں کے پارٹس کی کمی کے باعث پروڈکشن متاثر ہوئی ہے، کمپنی کا سٹاک ایکسچینج کو خط
پاکستان میں بین الاقوامی ساز کمپنی انڈس موٹرز کی جانب سے پاکستان میں اپنا پلانٹ بند کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک مین ٹویوٹا گاڑیاں بنانے والی کمپنی انڈس موٹرز نے اپنے پلانٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے، اس حوالے سے کمپنی کا سٹاک ایکسچینج کو لکھے گئے خط میں کہنا ہے کہ ہمیں اس وقت گاڑیوں کے دستیاب سپیئر پارٹس کم ہونے کی وجہ سے مزید سپلائی حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا ہے، گاڑیوں کے پارٹس کی کمی کے باعث انڈس موٹرز کی پروڈکشن متاثر ہوئی ہے، اس لیے آج سے ٹویوٹا کمپنی کا گاڑیاں تیار کرنے کا پلانٹ پانچ روز کے لیے بند کر دیا گیا ہے، پروڈکشن پلانٹ جمعرات 26 ستمبر سے 30 ستمبر تک بند رہے گا۔
بتایا جارہا ہے کہ پاکستان کا آٹو سیکٹر اس وقت شدید دباؤ کا شکار دکھائی دے رہا ہے اور س کی اہم ترین وجہ ملک کی سست اقتصادی ترقی، مہنگائی میں اضافہ اور قرض کی بڑھتی ہوئی لاگت قرار دی گئی ہے، کیوں کہ ان وجوہات کے باعث ملک میں گاڑیوں کی کافی فروخت متاثر ہوئی ہے۔
دوسری طرف سندھ حکومت نے اسسٹنٹ کمشنرز کیلئے 138 لگژری گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سمری منظوری کرلی، سندھ حکومت کی جانب سے ایک ارب 99 کروڑ 18 لاکھ 92 ہزار روپے کی لاگت سے 138 فور بائی فور ڈبل کیبن لگژری گاڑیاں خریدی جائیں گی، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے اس سلسلے میں سمری منظور کرلی، سمری 2 ستمبر 2024ء کو منظور کی گئی۔
بتایا گیا کہ افسران کیلئے گاڑیاں خریدنے کیلئے رقم رواں مالی سال 2024 اور 2025 کے بجٹ میں مختص کر دی گئی تھی، اب سمری منظور ہونے کے بعد محکمہ سروسز جنرل ایڈمنسٹریشن و کوآرڈی نیشن نے خط ارسال کردیا گیا، خط سیکریٹری خزانہ فیاض احمد جتوئی کو بھیجا گیا، خط سیکشن افسر بجٹ فیض احمد پتافی کے دستخط سے جاری ہوا، جس میں فوری طور پر رقم محکمہ بورڈ آف ریونیو کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کی سفارش کی گئی۔