بعض ادویات پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد، قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں

حکومتی اقدام کی وجہ سے شوگر جیسے امراض میں مبتلا بوڑھے و کمزور افراد اور بچے زیادہ متاثر ہوئے، ہفتوں کی دوا لینے والے اب صرف ایک 2 دن کی ادویات خریدنے لگے

حکومت کی جانب سے بعض ادویات پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس عائد کردیا گیا، جس کے باعث قیمتیں آسمان پر پہنچ گئیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت نے جلد اور طاقت کی ادویات، ملٹی وٹامنز، کیلشیم، ملک پاوڈر، شوگر اسٹرپس اور ہربل ادویات پر 18 فیصد جنرل سیلز ٹیکس لگا دیا ہے، حکومت کی جانب سے کچھ ادویات پر 18 فیصد تک جنرل سیل ٹیکس لگانے کی وجہ سے ان کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، پریشان حال مریضوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت کم از کم ادویات پر تو سیلز ٹیکس نہ لگائے، حکومت اپنے فیصلے پر نظرثانی کرے۔

ڈرگ پاکستان لائرز فورم کے صدر نور مہر کا کہنا ہے کہ ہربل، ہومیو پیتھی، وٹامنز اور فوڈ سپلیمنٹس پر 18 فیصد جی ایس ٹی ظلم ہے، ڈرگ ایکٹ کے تحت ان ادویات پر ٹیکس نہیں لگ سکتا، حکومتی اقدام کی وجہ سے شوگر جیسے امراض میں مبتلا بوڑھے و کمزور افراد اور بچے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، پہلے یہ لوگ ہفتوں کی دوا لے جاتے تھے اب صرف ایک 2 دن کی ادویات خریدنے آتے ہیں۔

دوسری طرف وزارت صحت نے اسلام آباد میں محفوظ اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن اینڈ ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ کے لیے 33 کروڑ روپے کے منصوبے کی منظوری دے دی، ترجمان وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ منصوبے کا مقصد وفاقی دارالحکومت میں فروخت ہونے والی ادویات کی کوالٹی کو یقینی بنانا ہے۔

کوارڈینیٹر برا ئے صحت ڈاکٹر مختار احمد بھرتھ نے کہا کہ جدید ترین ٹیکنالوجی رامن سپیکٹو فوٹومیٹرز موبائل ڈرگ ٹیسٹنگ ایکویپمنٹ کے ذریعے جعلی ادویات کی موقع پر شناخت کی جائے گی، فارمیسیز/میڈیکل سٹورز کے ذریعے فروخت کی جانے والی ادویات کا معیار ٹیسٹ کیا جائے گا، سرکاری ہسپتالوں کے ذریعے فراہم کی جا نے وا لی ادویات کی کوالٹی کی ٹیسٹنگ بھی کی جائے گی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں