لبنانی عسکری تنظیم کے سربراہ کا اسرائیل سے پیجر اور ریڈیو دھماکوں کا بدلہ لینے کا اعلان

آپ شمال کے اپنے لوگوں کو واپس ان کے گھروں میں نہیں لا سکیں گے، حسن نصر اللہ

ایک طرف ایران کی حمایت یافتہ لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ نے اسرائیل سے مواصلاتی آلات کے دھماکوں کا بدلہ لینے کا اعلان کردیا ہے، تو دوسری جانب اسرائیلی نے لبنان کی سحد پر اپنے دو اہلکاروں کی ہلاکت کی اطلاع دی ہے۔

لبنان میں پیجرز اور واکی ٹکیز میں دھماکوں کے بعد حزب اللہ سربراہ حسن نصر اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے مواصلاتی آلات کے ذریعے دھماکوں کا بدلہ لیا جائے گا، حزب اللہ ایسے دھماکوں سے کمزور نہیں بلکہ مضبوط ہوگی، ہم گھٹنے نہیں ٹیکیں گے بلکہ بہادری سے دشمن سے لڑیں گے۔

واضح رہے کہ لبنانی وزارت صحت کے مطابق لبنان میں مواصلاتی آلات میں دھماکوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 37 ہوگئی ہے جبکہ حملوں میں زخمی ہونے والے 287 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم نے کمیٹیاں تشکیل دی ہیں جو دھماکوں کی تحقیقات کررہی ہیں، اسرائیل ہزاروں افراد کو قتل کرنے کا ارادہ رکھتا ہے، دو دنوں میں ہزاروں لوگوں کو قتل کرنے کی کوشش کی گئی، اسرائیل کی جانب سے لبنانی عوام کے خلاف اعلان جنگ کردیا گیا ہے۔

حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ اسرائیلی حملے میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، مربوط حملے کرکے تمام پابندیوں اور سرخ لکیروں کو عبور کیا گیا ہے۔

حسن نصر اللہ نے کہا کہ اسرائیل نے حملے اسپتالوں، بازاروں، گھروں پر کیے جس میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں شہریوں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اپنا حملہ پیجر ڈیوائسز کے ذریعے دھماکے کرکے شروع کیا، اسرائیل کی جانب سے دوسرے دن بھی حملہ کیا گیا جس کا مقصد ریڈیو ڈیوائسز ساتھ رکھنے والے ہزاروں افراد کو مارنا تھا۔

حزب اللہ سربراہ نے مزید کہا کہ اسرائیلی کارروائی دہشت گردی اور قتل عام کی کوشش تھی، یہ عمل لبنان کے عوام کی خودمختاری کے خلاف اعلان جنگ تھا جس میں اسرائیل کو امریکا اور ٹیک سپر پاورز کی حمایت حاصل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب حساب کتاب دینا ہوگا جس کی تفصیلات ہم ابھی ظاہر نہیں کریں گے، کیونکہ ہم اب جنگ کے انتہائی حساس مرحلے میں ہیں۔ آپ شمال کے لوگوں کو واپس ان کے گھروں میں نہیں لا سکیں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں