پائلٹ پشاور کی پرواز غلطی سے کراچی لے آیا، اسلام آباد سے گلگلت کی پرواز میں عملہ مسافروں کا سامان رکھنا ہی بھول گیا
قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا پائلٹ پشاور کی پرواز کو غلطی سے کراچی لے آیا جب کہ اسلام آباد سے گلگلت جانے والی ایک دوسری پرواز میں پی آئی اے کا عملہ مسافروں کا سامان رکھنا ہی بھول گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل نے پائلٹ کی طرف سے پشاور جانے والی فلائٹ کو کراچی لے جانے پر مسافروں کی جانب سے شدید برہمی کا اظہار کیا گیا، جن کا کہنا تھا کہ 30 گھنٹے سے ذلیل و خوار ہو رہے ہیں لیکن پرواز پشاور لے جانے کی بجائے کراچی اتار دی گئی اور اب پولیس پائلٹ کو جہاز سے اتارنے کی کوشش کر رہی ہے۔
بتایا گیا ہے کہ پی آئی اے نے ہی اسلام آباد سے گلگت جانے والی پرواز کے مسافروں کو سامان کے بغیر ہی گلگت پہنچا دیا کیوں کہ پی آئی اے کے عملے نے تمام سیاحوں کا ضروری سامان اسلام آباد میں ہی چھوڑ دیا، پی آئی اے کی غفلت کے باعث پیش آنے والے اس واقعے میں نا صرف مقامی مسافر بلکہ غیر ملکی سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور عملے کی لاپرواہی کے باعث گلگلت آئے سیاحوں کی سرگرمیاں متاثر ہوئیں اور انہیں گلگت پہنچ کر ان کا بنیادی ضروریات کا سامان ہمراہ نہ ہونے سے مشکلات پیش آئیں۔
مسافروں کا کہنا ہے کہ ’اسلام آباد سے گلگت فلائٹ کینسل ہونا معمول کی بات ہے، مسافروں کو اکثر فلائٹ کینسل ہونے کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہتا ہے، اب پی آئی اے کی جانب سے اس طرح کی کوتاہیوں سے سیاحوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، پی آئی اے اپنی سروسز میں بہتری لائے اور مسافروں کے سامان کی حفاظت اور وقت پر فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ ایسے ناخوشگوار واقعات دوبارہ پیش نہ آئیں‘، جس پر پی آئی اے کی انتظامیہ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ’مسافروں کا سامان جلد از جلد گلگت پہنچا دیا جائے گا‘۔