حادثہ ایرانی شہر یزد میں پیش آیا جہاں بریک فیل ہونے سے زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی
ایران میں پاکستانی زائرین کی بس حادثے کا شکار ہونے کے باعث 35 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوگئے۔ ایرانی میڈیا کے مطابق پاکستانی زائرین کی بس کو حادثہ ایران کے شہر یزد میں پیش آیا جہاں بس کے بریک فیل ہونے کی وجہ سے زائرین کی بس دہشیر تفتان چیک پوائنٹ کے سامنے الٹ گئی جس کے بعد بس میں آگ لگ گئی، اس حادثے میں 35 افراد جاں بحق اور 20 زخمی ہوئے، حادثے کا شکار بس میں 53 زائرین سوار تھے، حادثے کے فوری بعد امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر زخمیوں اور لاشوں کو بس سے نکال کر مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا، حادثے کے بعد یزد کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔
معلوم ہوا ہے کہ صوبہ سندھ کے شہر لاڑکانہ سے 110 زائرین کا قافلہ 2 بسوں میں ایران روانہ ہوا تھا، قافلے کی ایک بس گوادر ایران سرحدی علاقے رمدان میں موجود ہے، جو ایرانی شہر یزد میں حادثے کا شکار ہونے والی بس سے پیچھے رہ گئی تھی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے ایران جانے والی پاکستانی زائرین کی بس کے حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے حادثے میں شہید ہونے والے زائرین کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا، گورنر پنجاب نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعا کی، سردار سلیم حیدر کا کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں تمام تر ہمدردیاں غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں۔
حال ہی میں عراق کے دارالحکومت بغداد کے شمالی علاقے میں زائرین کی دو بسوں میں تصادم کے نتیجے میں 18 افراد جاں بحق ہوئے تھے، خوف ناک حادثہ دوجیل اور سمارا کے درمیان پیش آیا جہاں منی بسیں ایک دوسرے سے ٹکرائیں کیوں کہ ایک ڈرائیور بس چلاتے ہوئے سو گیا تھا اور اسی دوران زائرین کی بس مخالف سمت سے آنے والی بس سے ٹکرا گئی، ہلاک جاں بحق افراد میں دونوں ڈرائیور بھی شامل تھے۔