ثاقب نثار نے فیض حمید سے اپنے رابطے کی تصدیق کردی

فیض حمید رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کرتے، کبھی کبھار میرے لیے پیغامات بھیجتے تھے، مختلف مواقع پر نیک خواہشات کا تبادلہ کرتے رہے ہیں۔ سابق چیف جسٹس کا حوالہ دیتے ہوئے انصار عباسی کی رپورٹ

سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے آئی ایس آئی کے سابق ڈی جی لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ فیض حمید سے اپنے رابطے کی تصدیق کردی۔ صحافی انصار عباسی کے مطابق ثاقب نثار کا کہنا ہے کہ جب میں چیف جسٹس سپریم کورٹ تھا تو اس وقت جنرل فیض رجسٹرار سے ملاقات کرتے اور کبھی کبھار میرے لیے دیکھنے کے لیے ’For Eyes Only‘ کے پیغامات بھیجتے تھے، اس دوران فیض حمید نے مجھ سے کبھی غیر منصفانہ یا غیر قانونی چیز طلب نہیں کی، وہ ہمیشہ میرا احترام کرتے تھے اور مجھ پر مہربانی کرتے تھے، شمالی علاقہ جات کے گزشتہ دورے کے موقع پر فیض حمید نے میرا اور میرے خاندان کا بڑا خیال رکھا تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ فیض حمید سے میرا صرف سماجی رابطہ ہے، ان کی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کی اور مختلف مواقع پر نیک خواہشات اور خوشگوار باتوں کا تبادلہ کرتے رہے ہیں، تاہم میرے خلاف جو کچھ کہا جاتا ہے اور جو الزامات عائد کیے جا رہے ہیں وہ سب مکمل طور پر بے ہودہ باتیں ہیں، میرا فیض حمید کے کسی بھی معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

سابق چیف جسٹس کہتے ہیں کہ میں 9 مئی، پی ٹی آئی کی سیاست یا بعض عناصر کی جانب سے اور سوشل میڈیا پر لگائے جانے والے الزامات میں کسی بھی طرح سے ملوث نہیں، اس لیے مجھے فکر کرنے کی کوئی ضرورت نہیں اور میں 5 ستمبر کو پاکستان واپس آ رہا ہوں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب زمان پارک لاہور کے ارد گرد موجود صورتِ حال کی وجہ سے اعتزاز احسن کو اپنے گھر پہنچنے میں مشکلات پیش آتی تھیں تو وہ میرے دفتر آتے تھے، اعتزاز کے علاوہ بعض اوقات خواجہ طارق رحیم بھی میرے دفتر آیا کرتے تھے لیکن یہ روابط خالصتاً سماجی نوعیت کے تھے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں