سرکاری دفاتر میں پانی کیلئے پلاسٹک کی بوتل کے بجائے جگ اور گلاس استعمال کرنا ہوگا،منرل واٹر پر پابندی لگانے کا فیصلہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا، نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا
سندھ حکومت نے تمام سرکاری دفاتر میںپلاسٹک کی بانی کی بوتلوں پر پابندی عائد کر دی،سرکاری دفاتر میں پانی کیلئے پلاسٹک کی بوتل کے بجائے جگ اور گلاس استعمال کرنا ہوگا،اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیاگیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اس حکم کا اطلاق سندھ حکومت کے ماتحت تمام سرکاری اداروں میں ہوگا ۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ منرل واٹر پر پابندی لگانے کا فیصلہ سندھ کابینہ کے اجلاس میں کیاگیا۔سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہوا جس میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی ۔حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کیلئے کیا گیاہے۔دریں اثناءحکومت سندھ نے صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر عام تعطیل کا اعلان کر دیا۔
چیف سیکرٹری سندھ نے عام تعطیل کے حوالے سے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا جس کے مطابق عظیم بزرگ اور صوفی شاعر شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پر 20 اگست بروز منگل صوبے میں عام تعطیل ہوگی۔نوٹیفکیشن کے مطابق 20 اگست کو تمام سرکاری، نیم سرکاری ادارے، سکول، کالج اور یونیورسٹیاں بند رہیں گی، البتہ لازمی خدمات کے اداروں سے وابستہ ملازمین بدستور اپنے فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ کابینہ نے مختلف سولر پارکس کیلئے اراضی دینے کی منظوری دیدی تھی۔سندھ کابینہ نے 500 میگاواٹ سولر پارک مانجھند کیلئے 250 ایکڑاراضی دینے کی منظوری دی تھی ۔سندھ کابینہ کی جانب سے ضلع وسطی میں 612 ایکڑ اراضی پر 120 میگاواٹ اور ملیر میں 600 ایکڑز پر 150 میگاواٹ سولر پارک قائم کرنے کی منظوری دیدی گئی تھی۔وزیر توانائی سید ناصرشاہ نے 1.362 بلین روپے سٹامپ ڈیوٹی معاف کرنے کی کابینہ کو درخواست کی تھی۔
سندھ کابینہ نے سٹامپ ڈیوٹی معاف کرنے کی تجویز منظور نہیں کی تھی۔ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی تھی کہ ہر ایک کو اپنا ٹیکس دینا چاہئے۔کابینہ نے سندھ الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی سی ژپرا قائم کرنے کی منظوری بھی دی تھی ۔ سیپرا سندھ رجسٹریشن آف الیکٹرک پاور سروس ایکٹ 2023 کے تحت قائم کی گئی تھی۔سیپرا کا ایک چیئرمین اور 3 ممبران ہوں گے۔سندھ کابینہ کو آگاہی وزیراعلیٰ سندھ نے سیپرا کیلئے 197.916 ملین روپے بجٹ 25-2024 کیلئے منظور کئے تھے۔