شہری اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملک کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے مل کر کام کریں۔ وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ کا بیان
وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ نے یوم آزادی کے موقع پر موٹرسائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیورز کو مفت پیٹرول دینے کا اعلان کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر احمد شیخ نے اپنے آبائی شہر اور حلقہ انتخاب چنیوٹ میں موٹر سائیکل سواروں اور رکشہ ڈرائیوروں کو یوم آزادی کے موقع پر پانچ لٹر پٹرول تحفے میں دینے کا بھی اعلان کیا۔
اپنے بیان میں آزادی کی اہمیت اور پاکستان کے حصول کے لیے آباؤ اجداد کی قربانیوں کی اہمیت پر زور دیا اور قائداعظم محمد علی جناح کے رہنما اصولوں پر عمل کرتے ہوئے ملک کی ترقی کے لیے دیانتداری اور دیانتداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دینے کا عہد کیا، انہوں نے کہا کہ شہری اپنے اختلافات کو ایک طرف رکھ کر ملک کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے مل کر کام کریں۔
ادھر وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ آزادی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی کے لیے ہمارے بزرگوں نے عظیم قربانیاں دیں، آج تحریکِ آزادی کے شہداء اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتے ہیں، ان سب کو سلام جنہوں نے پاکستان کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، 1947ء کو پاکستان ہندوستان سے الگ ہو کر ایک اسلامی فلاحی مملکت بنا، بد قسمتی سے معیشت اور دیگر شعبوں میں زوال آتا رہا، آج ہمیں اپنے احتساب کی ضرورت ہے اور مستقبل کی منصوبہ بندی کرنا ہو گی، مہنگائی اور بے روزگاری سے پریشان عوام کا پورا خیال ہے، وعدہ کرتا ہوں مہنگائی، بجلی کی قیمت میں کمی اور پاکستان کی ترقی کے لیے اپنی جان لڑا دوں گا، ہمیں دیانت داری اور غیر جانبداری سے سوچنے کی ضرورت ہے، 77 سال کا سفر قابلِ رشک نہیں رہا، اب تک جو کچھ ہوتا رہا اس کو دفن کر کے نئے سفر کا آغاز کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ چین نے پاکستان کے 2 سال بعد آزادی حاصل کی، ہم چین سے آگے تھے لیکن آج پیچھے رہ گئے، کامیابیوں اور ناکامیوں کی ایک لمبی فہرست ہے، دشمن ہر حربہ استعمال کر رہا ہے کہ پاکستان آگے نہ بڑھ سکے، ہماری جوہری قوت سے ہمارا دشمن خائف ہے، دشمن نے ڈیجیٹل دہشت گردی کے ذریعے جھوٹ کی بم باری شروع کر رکھی ہے، ہر پاکستانی چاہتا ہے قائدِاعظم کے خواب کی تعبیر ہر صورت پوری ہو، بجلی کے بلوں میں کمی کے بغیر صنعت ترقی نہیں کر سکتی اور برآمدات نہیں بڑھ سکتیں، پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے ہم دن رات محنت کریں گے، کشمیر اور فلسطین کی آزادی تک ان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔