پانی لوگوں کے گھروں میں داخل ہوگیا، صوبے کے زیادہ تر علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی
سندھ بھر میں موسلا دھار بارش سے کئی علاقے زیر آب آگئے اور نظامِ زندگی درہم برہم ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے مختلف اضلاع میں رات سے تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، مسلسل بارش کی وجہ سے نشیبی علاقے زیر آب آگئے جس سے فضلوں کو شدید نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، بارش کے باعث بجلی کی فراہمی معطل ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ جامشورو میں کوہستانی علاقے میں بارش نے تباہی مچادی جہاں برساتی پانی گھروں میں داخل ہوگیا، متعدد بھیڑ بکریاں برساتی پانی میں بہہ گئیں، کئی دیہات کا جامشورو سے زمینی راستہ منقطع ہوگیا، اسی طرح میرپورخاص، نوشہرو فیروز، بھٹ شاہ، نیو سعیدآباد، ہالا اور میٹاری سمیت مختلف علاقوں میں رات گئے سے موسلادھار بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، بارش کے باعث کئی علاقے پانی سے بھر گئے اور اہم شاہرائیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، بارش کے باعث کئی فیڈرز ٹرپ کرگئے جس کے باعث کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، مسلسل بارش سے فصلوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے
اسی طرح صوبہ بلوچستان کے شمالی، شمالی مشرقی اور جنوبی اضلاع میں مون سون بارشوں کا مضبوط سسٹم موجود ہے جس کے سبب کوئٹہ سمیت صوبے کے 22 اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ صوبے میں بارشیں برسانے والا یہ سسٹم 6 اگست تک موجود ر ہے گا جس کے سبب خضدار، لسبیلہ،آواران ، پنجگور، بارکھان، موسیٰ خیل، مستونگ، سبی، شیرانی، کوہلو، بولان، ہرنائی، نصیر آباد، جھل مگسی، جعفرآباد، ڈیرہ بگٹی، کوئٹہ، زیارت، ژوب، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔