غیر ملکی فلائٹ میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے، فلائٹ مسقط سے بھارتی ریاست کیرالا کی طرف پرواز کر رہی تھی
خلیجی ملک عمان سے بھارت جانے والے غیرملکی طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑ گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی طیارے میں 150 سے زائد مسافر سوار تھے، غیرملکی ایئرلائن کی فلائٹ مسقط سے بھارتی ریاست کیرالا کی طرف پرواز کر رہی تھی کہ اس دوران عمان سے تعلق رکھنے والے مسافر کو دل میں تکلیف کا سامنا کرنا پڑا جس کے باعث پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی اجازت دی گئی۔
بتایا گیا ہے کہ طیارہ میڈیکل ایمرجنسی کے طور پر کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کیا، جس کے بعد بیمار مسافر کو اہلیہ اور بیٹی کے ہمراہ آف لوڈ کرکے کراچی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ ہنگامی لینڈنگ سے قبل سول ایوی ایشن اور وفاقی وزارت صحت کے ڈاکٹروں کو کراچی ایئرپورٹ پر تیار رہنے کی ہدایت کی گٸی۔
چند روز قبل غیرملکی ایئرلائن کی پرواز میں خاتون مسافر کے انتقال کے باعث طیارے نے کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی، فلائی دبئی کی یہ پرواز دبئی سے کولمبو جارہی تھی کہ اس دوران پرواز میں سوار خاتون مسافر دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی، جس کی وجہ سے اس غیر ملکی ائیر لائن کے طیارے کو ہنگامی بنیادوں پر کراچی میں لینڈنگ کروائی گئی، بعد ازاں ایئرپورٹ پر تعینات ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیے جانے کے بعد پرواز خاتون کی میت کو ہمراہ لے کر اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگئی۔
ایوی ایشن ذرائع نے بتایا کہ فلائی دبئی کی فلائیٹ ایف زیڈ 569 دبئی سے بذریعہ بنکاک کولمبو کی جانب پرواز کر رہی تھی کہ کراچی کے قریب بحیرہ عرب پر پرواز کے دوران بوئنگ 737 میکس 8 طیارے میں سوار خاتون مسافر کی طبیعت اچانک خراب ہوئی، طیارے کے پائلٹ نے ائیر ٹریفک کنٹرول کراچی سے رابطہ کیا، جس کے بعد طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی، کراچی ائیرپورٹ پر پرواز کے اترنے کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیم نے خاتون مسافر کا معائنہ کیا تو اس وقت تک وہ انتقال کر چکی تھیں۔