تحریک انصاف والے ملک کیخلاف سازش میں مصروف ہیں،چیئرمین پی ٹی آئی بتائیں کہ وہ کس کو نہیں چھوڑیں گے؟وزیر مملکت برائے پیٹرولیم کی پریس کانفرنس
اسلام آباد وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک کا کہنا ہے تحریک انصاف والے ملک کیخلاف سازش میں مصروف ہیں،عمران خان لوگوں کا نام لیکر ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مصدق ملک نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ آئی ایم ایف کو خطوط لکھے گئے اور ملک کیخلاف سازش کی گئی،کیا تیمور جھگڑا کا نام لیں گے جس کے ذریعے آپ نے سازش کرائی،عمران خان بتائیں وہ سازش کس کو کہتے ہیں اور پی ٹی آئی چیئرمین بتائیں کہ وہ کس نام لیں گے؟ملک اب درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
انکا کہنا تھا کہ عمران خان کہتے ہیں چھوڑوں گا نہیں،ان سے سوال ہے کہ وہ کس کو نہیں چھوڑیں گے؟ وزیر مملکت نے مزید کہا کہ ملک کا حال سری لنکا والا ہو جاتا تو آپ کامیاب ہو جاتے ہیں۔
امید تھی کہ کل عمران خان سیلاب متاثرین کی بات کریں گے لیکن اس حوالے سے انہوں نے کچھ نہیں کہا،عمران خان بتائیں کہ وہ ملک کے ساتھ کیا کرنا چاہتے ہیں،عمران خان نے غیر ملکیوں اور غیر ملکی کمپنیوں سے پیسے لئے۔
ادھر مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو آڑے ہاتھوں لے لیا،اور کہا کہ توشہ خانہ کی سزا آپکو نظر آ رہی ہے اور وہ آپکے کرتوت ہیں،آپ جلسے توشہ خانہ کیس سے بچنے کیلئے کر رہے ہیں،توشہ خانہ کی تفصیلات کا علم ہو تو لوگوں کی آنکھیں کھل جائیں۔اتنا سستا ٹی سیٹ دنیا میں موجود نہیں جتنا آپ نے توشہ خانہ سے خریدا ہے۔ طلال چوہدری کا فیصل آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ن لیگ کے ارکان کو نا اہل کیا گیا اور سزائیں بھی ہوئیں مگر کسی نے کچھ نہیں کہا،عمران خان کو نوٹس ہونے پر کہا گیا کہ ظلم ہو گیا۔ عمران خان ستمبر میں ہی کیوں جلسے کررہےہیں۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ سیلابی صورتحال میں کسی سیاسی جماعت نے جلسہ کیا؟