ویزہ پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہوگی، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، ویزہ فری اینٹری، بزنس ویزہ لسٹ اور ٹورسٹ ویزہ آن ارائیول کی نگرانی کی جائے گی۔ شہباز شریف کا بیان
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ 126 ممالک کے تاجروں، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو بغیر فیس کے 24 گھنٹے کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزے جاری کیے جائیں گے، ویزہ پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان غیر ملکیوں کے لئے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا، ویزہ پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہوگی، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیرونی سرمایہ کاروں، کاروباری برادری اور سیاحوں کے لیے ویزہ کے حصول کو سہل اور آسان بنانے کے حوالے سے کہا کہ وفاقی حکومت نے ملک میں بیرونی سرمایہ کاری، کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے اہم قدم اٹھایا ہے، وفاقی وزارت داخلہ اور دیگر متعلقہ وزارتوں نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ویزہ رجیم میں نرمی کی ہے جو کہ ایک انتہائی مثبت پیشرفت ہے، گلف کنٹریز کونسل کے ممالک کے کاروباری شخصیات کے لیے پاکستان میں ویزہ فری انٹری کی منظوری دی گئی ہے جس کی بدولت خلیجی ممالک سے پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کے مواقع مزید بڑھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ 126 ممالک کے تاجروں ، سرمایہ کاروں اور سیاحوں کو 24 گھنٹوں کے اندر آن لائن نظام کے تحت ویزہ جاری کیے جائیں گے، ان 126 ممالک کے تاجروں اور سیاحوں کو ویزہ فیس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے، ویزہ پالیسی میں نرمی کے فیصلے سے پاکستان غیر ملکیوں کے لئے کاروبار اور سیاحت کے حوالے سے ایک پر کشش مقام بن جائے گا، مذہبی سیاحت میں بہتری کے حوالے سے تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزہ آن ارائیول کی سہولت کے لیے الگ سے سب کیٹگری کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے ہوائی اڈوں پر الیکٹرانک گیٹس کا ای نظام کا نفاذ کیا جا رہا ہے، ویزہ پالیسی میں نرمی سے معیشت مستحکم ہوگی، زر مبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا، پاکستان میں بہت سے مذاہب کے مقدس مقامات موجود ہیں اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے دیگر شمالی علاقے سیاحوں کے لیے جنت ہیں، نئی ویزہ رجیم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے حوالے سے وفاقی وزارت داخلہ میں ایک ڈیش بورڈ بھی قائم کیا جائے گا جو کہ موخر الذکر ممالک کے حوالے سے ویزہ فری اینٹری، بزنس ویزہ لسٹ اور ٹورسٹ ویزہ آن ارائیول کی نگرانی کرے گا اور جائزہ رپورٹ فراہم کرے گا، نئی ویزہ رجیم پر وزارت داخلہ و دیگر متعلقہ وزارتوں اور اداروں کی کارکردگی لائق تحسین ہے۔