پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور رکن قومی اسمبلی سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اگر بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں تو یہ اچھی بات ہے، مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں۔
خورشید شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خبریں چل رہی ہیں کہ بانی پی ٹی آئی بات چیت کرنے کے لیے تیار ہیں یہ اچھی بات ہے وہ آگے بڑھیں کیونکہ مسائل لڑائی سے نہیں بات چیت کے ذریعے ہی حل ہوتے ہیں، اگر وہ محسوس کر رہے ہیں کہ سیاستدانوں کو ایک جگہ بیٹھنے کی ضرورت ہے اور وہ یہ بات تسلیم کرتے ہیں تو یہ اچھی بات ہے، جن لوگوں نے 9 مئی کا واقعہ کیا ہے انہیں معافی مانگنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اگر کہتے ہیں کہ وہ 9 مئی میں ملوث نہیں ہیں تو ان واقعات کی مذمت کریں، ہمیں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالنا ہے۔
خورشید شاہ نے کہا کہ محمود خان اچکزئی شاید ضیا الحق کے 90 دن بھول گئے ہیں، 3 ماہ کی قومی حکومت نہیں ہو گی پھر قومی حکومت ہی ہوگی، ہماری کوشش ہے کہ اسمبلیاں چلیں اور پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ مسائل کا حل مذاکرات اور بات چیت کے ذریعے نکالیں۔
سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو پیپلز پارٹی اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی کیوں کہ اس وقت معیشت برے حالات میں ہے اسے ٹھیک کرنا پڑ رہا ہے، بجلی اور زراعت پر جو ٹیکس لگائے گئے ہیں ان پر حکومت کو نظر ثانی کرنی چاہیے۔