بجلی کی قیمت اور ٹیکسز بڑھنے کے اثرات، مہنگائی کی شرح 20.09 فیصد تک پہنچ گئی

دالوں، چکن سمیت 19اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ہفتہ وار بنیادوں پر صرف 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔ ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ

وفاقی بجٹ میں ٹیکسز بڑھنے کے اثرات کی وجہ سے مہنگائی کی شرح بڑھ کر 20.09 فیصد تک پہنچ گئی، جس کے باعث ہفتہ وار بنیادوں پر 19 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی ادارہ شماریات نے ہفتہ وار مہنگائی کے اعدادوشمار جاری کردیئے، جس کے تحت ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.17 فیصد اضافہ ہوگیا ہے۔

ایک ہفتے میں مہنگائی کی مجموعی شرح بڑھ کر 20 اعشاریہ 09 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ رواں ہفتے آٹھ اشیا کی قیمتوں میں کمی جبکہ چوبیس اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ رواں ہفتے میں جلانے کی لکڑی 0.23 اور سگریٹ 0.12 فیصد، چکن 4.80 فیصد، لہسن 2.01 فیصد، دال چنا 1.87 فیصد، انڈے 1.71 فیصد، بیف 0.93 فیصد، گڑ 0.89 فیصد، دال مونگ 0.84 فیصد، تازہ دودھ 0.45 فیصد مہنگے ہوئے۔

اسی طرح  ٹماٹر 9.19 فیصد، پیاز 2.14 فیصد، کیلے 0.53 اور آٹے کی قیمت میں 0.35 فیصد، آلو کی قیمت میں0.17 فیصد اور ایل پی جی کی قیمت بھی 1.04 فیصد کم ہوئی۔ دوسری جانب انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں جمعرات کو روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر گھٹ گئی ۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز انٹر بینک میں17پیسے کی کمی سے ڈالر کی قدر 278.55 روپے سے کم ہو کر 278.38 روپے ہو گئی جبکہ 5 پیسے کی کمی سے اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر279.75روپے سے گھٹ کر279.70روپے پر آ گئی ۔

فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں 24 پیسے کی کمی واقع ہوئی جس سے یورو کی قدر 303.63 روپے سے کم ہو کر303.39 روپے ہو گئی تاہم 3 پیسے کے اضافے سے برطانوی پونڈ کی قدر360.83 روپے سے بڑھ کر360.86 روپے پر جا پہنچی ۔ مزید برآں پاکستان کی برآمدات میں تقریباً 3 ارب ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، گزشتہ مالی سال برآمدات کا حجم 30 ارب 66 کروڑ ڈالر رہا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں