جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتخانے کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرادی گئی

جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے کے باہر مظاہرین نے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے توڑ پھوڑ کردی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 8 سے 10 افغان شہریوں نے پاکستانی قونصل خانے کے اندر جانے کی کوشش کی، افغان شہریوں کی جانب سے اس موقع پر پتھراؤ بھی کیا گیا، جس کے بعد افغان شہری قونصل خانے کے اندر داخل ہوئے اور پاکستان کے قومی پرچم کی بے حرمتی کی۔

بتایا گیا ہے کہ جرمن حکام نے افغان شہریوں کو احتجاج کی اجازت دی تھی تاہم مظاہرین کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ کیے جانے پر جرمن پولیس نے 2 افغان شہریوں کو حراست میں لے لیا، جرمن پولیس کا کہنا ہے کہ ویڈیوزکی مدد سے مزید مظاہرین کی شناخت کررہے ہیں۔ اس حوالے سے پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ غیر ملکی سفارتی تنصیبات کی سکیورٹی جرمن حکومت کی ذمہ داری ہے، بین الاقوامی برادری میں بھی سفارتی تنصیبات کی سیکیورٹی کے حوالے سے تشویش ہو رہی ہے، پاکستانی سفارتی حکام نے برلن میں جرمن وزارت خارجہ سے معاملہ اٹھایا ہے، جس پر جرمن حکام کی جانب سے پاکستانی سفارتخانے کو مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں