پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ساری زندگی جیل میں رہنے کیلئے تیار ہوں لیکن اصولوں پر سودے بازی نہیں کروں گا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بنوں واقعہ کی شدید مزمت کرتا ہوں، نہتے عوام پر گولی چلانا ظلم ہے، ہم بنوں کے عوام کے ساتھ ہیں، حکومت جوڈیشیل کمیشن سے انکوائری کروائے، ایسا لگتا ہے حکومت گرانے یا ایمرجنسی لگانے کی کوئی سازش ہو رہی ہے۔
قائد پی ٹی آئی نے کہا کہ کسی حکومتی جماعت خاص کر پیپلز پارٹی کے ساتھ اتحاد نہیں کریں گے، اب معاملات بہت آگے نکل چکے ہیں، جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی وہی 9 مئی کا اہم کردار ہے، پارٹی کو ہدایت کی ہے کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف ریفرنس دائر کیا جائے، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کیخلاف بھی ریفرنس دائر کیا جائے، اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر اور اراکین کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے۔
ادھر صوبہ خیبرپختونخوا حکومت نے بنوں واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کردیا، صوبائی مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے بنوں میں جاری صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی شفاف تحقیقات کے لیے کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے، کمیشن شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ پیش کرے گا، کمیشن کی رپورٹ کو پبلک بھی کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ کمیشن کی رپورٹ میں ذمہ داروں کی نشاندہی ہو جائے گی، کمیشن کی رپورٹ سے قبل افواہوں اور بلا تصدیق الزامات سے اجتناب کرنا چاہیئے، حساس مقامات پر عموماً سکیورٹی ہائی الرٹ رہتی ہے، خودکش حملے میں فوجی جوان اور شہری شہید ہوئے تھے، اس مقام کی حساس نوعیت بھی کل کے ناخوشگوار واقعے کی ایک وجہ بنی، موجودہ دہشت گردی کی لہرکے پیش نظر عوام سے انتہائی احتیاط سے کام لینے کی درخواست ہے۔