پروونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم ای) نے کہا ہے کہ 8 اور 9 محرم کو پنجاب بھر میں طوفانی بارشوں کے امکانات ہیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے مختلف اضلاع میں آئندہ چوبیس گھنٹوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے، اس لیے محرم الحرام کے جلوسوں کی انتظامیہ موسمی شدت مدِنظر رکھ کر حفاظتی تدابیر اختیار کرے، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے فاصلہ رکھیں، خستہ حال چھتوں کے اوپر محافل کے انعقاد سے گریز کیا جائے، دریاؤں، ندی اور نالوں کی کراسنگ سے ممکنہ حد تک گریز کریں، ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی علاقوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، 8 اور 9 محرم کو ریسکیو ادارے خاص طور پر الرٹ رہیں۔
فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (فیسکو)کے ترجمان طاہر محمود شیخ نے کہاکہ فیسکو کے دائرہ کار میں آنےوالے آٹھوں اضلاع فیصل آباد،جھنگ،ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، خوشاب، بھکر اور میانوالی کے صارفین بجلی کوآگاہ کیا جا تا ہے کہ وہ بعض علاقوں میں سیلابی صورتحال اورمون سون کی بارشوں کے دوران بجلی کے ممکنہ حادثات یا ناگہانی صورتحال سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر عمل یقینی بنائیں، جانوروں و مویشیوں کو بجلی کے پولزیا سپورٹنگ وائرز کے ساتھ نہ باندھا جائے، کپڑے سکھانے کیلئے دھاتی تار کا ہرگز استعمال نہ کیاجائے کیونکہ اس میں باآسانی کرنٹ آ جاتا ہے بلکہ اس کی جگہ رسی یا ڈوری کو استعمال میں لائیں۔
انہوں نے کہاکہ بجلی کی استری، واشنگ مشین، ریفریجریٹر، پانی کی موٹروں اوردیگر برقی آلات کے استعمال کیلئے تین پنوں والے شو کا استعمال کریں اور ان چیزوں کو باقاعدہ ارتھ کروائیں اور اگر بجلی کی وائرنگ میں کسی بھی قسم کا نقص ہو تو اس کو فوراًدرست کروائیں، صارفین کپڑے استری کرتے وقت پیروں تلے خشک کپڑا، کمبل، قالین کا ٹکڑایا لکٹری کا ٹکڑا رکھیں اور ربڑ سول کی چپل کا استعمال کریں، صارفین ہاتھ، کپڑے یا جوتے گیلے ہونے کی صورت میں بجلی کے سوئچ، تار اور آلات کو ہرگز نہ چھوئیں جب کہ بجلی کے کھمبوں اور ان کو سہارا دینے والی تاروں کے ساتھ اور نہ ہی ہائی ٹینشن تاروں کے نیچے مویشی بھی باندھیں کیونکہ اس سے کسی بھی وقت کوئی حادثہ رونما ہو سکتا ہے۔