ملک میں آئندہ 15 روز کیلئے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق 16 جولائی سے ملک میں اگلے 15 روز کے لیے پیٹرول کی قیمت 7 روپے 60 پیسے فی لٹر اور اور ڈیزل کے نرخ میں 3 روپے 50 پیسے فی لٹر اضافے کا امکان ہے، جس کی وجہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ قرار دیا جارہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں گزشتہ 15 روز کے دوران پٹرول اور ڈیزل کے نرخوں میں بالترتیب 4 اعشاریہ 4 ڈالر اور 2 ڈالر فی بیرل کا اضافہ ہوچکا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں بھی حکومت پٹرول کی قیمت میں 7 روپے 60 پیسے فی لٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 50 پیسے فی لٹر تک کا اضافہ کرسکتی ہے، جس کا انحصار موجودہ ٹیکس کی شرحوں اور حتمی جائزے پر ہے۔
واضح رہے کہ 30 جون کو بھی حکومت پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرچکی ہے، اس وقت قیمتوں میں بالترتیب 7 روپے 45 پیسے اور 9 روپے 56 پیسے فی لٹر کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد سے ملک میں پٹرول کی موجودہ قیمت 265 روپے 61 پیسے اور اور ڈیزل کا ریٹ 277 روپے 45 پیسے فی لٹر ہے۔ اس کے علاوہ حکومت نے مالیاتی بل میں پٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی زیادہ سے زیادہ حد کو بڑھا کر 70 روپے فی لٹر مقرر کردی ہے تاکہ رواں مالی سال میں 12 کھرب 80 ارب روپے اکٹھے کیے جا سکیں جب کہ گزشتہ سال اس مد میں 960 ارب روپے جمع ہوئے، جو 869 ارب روپے ہدف کے مقابلے میں تقریباً 91 ارب روپے زیادہ ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ حکومت اس وقت پٹرول اور ڈیزل دونوں پر تقریباً 77 روپے فی لٹر ٹیکس وصول کر رہی ہے، اگرچہ تمام پٹرولیم مصنوعات پر جی ایس ٹی صفر ہے لیکن حکومت دونوں مصنوعات پر 60 روپے فی لٹر پیٹرولیم لیوی چارج کرتی ہے، اسی طرح حکومت ایک لٹر پیٹرول اور ڈیزل پر تقریباً 17 روپے کسٹم ڈیوٹی بھی وصول کر رہی ہے۔