سرحد پار حملے کی صورت میں نتائج کا ذمہ دار پاکستان ہو گا، افغان وزارت دفاع

کابل: افغانستان نے کہا ہے کہ سرحد پار حملے کی صورت میں نتائج کی ذمہ داری پاکستان پر عائد ہو گی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے افغان وزارت دفاع نے کہا کہ کوئی بھی کسی بھی جواز کے تحت ہماری سرحد کی خلاف ورزی کرے گا تو نتائج کا ذمہ دار وہ خود ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت کے لیے ضروری ہے کہ وہ کسی کو بھی حساس معاملات پر حساس بیانات جاری کرنے کی اجازت نہ دے۔

افغان وزارت دفاع نے کہا کہ اپنی سرزمین کو کسی اور ملک کے خلاف استعمال کی اجازت نہ دینا افغانستان کا اصولی مؤقف ہے۔

واضح رہے کہ دو روز قبل وزیر دفاع خواجہ آصف نے غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے دیئے گئے انٹرویو میں کہا تھا کہ ضرورت محسوس ہوئی تو ٹی ٹی پی کی سرحد پار پناہ گاہوں کو بھی نشانہ بنایا جائے گا۔ پاکستان کی سالمیت سے بڑھ کر کچھ نہیں ہے۔ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال ہورہی ہے تو کیا یہ عالمی قوانین کی خلاف ورزی نہیں؟

ان کا کہنا تھا کہ کالعدم ٹی ٹی پی سے کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔ عزمِ استحکام آپریشن پر تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا اور ان کے کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے تک معاشی حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں