وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے جاری ترقیاتی منصوبوں کے لئے 400 ملین روپے فوری طور پر ریلیز کرنے کا حکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے گوشت، جھینگوں، جانوروں اور گارمنٹس کی برآمدات کے لئے کمپنی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں نئے سالانہ ترقیاتی پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں تمام ڈیپارٹمنٹس کے ترقیاتی پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے پراجیکٹس کی بروقت تکمیل ہر صورت یقینی بنانے اور تمام پراجیکٹس کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ کیلئے پی آئی ٹی بی کو ڈیش بورڈ تشکیل دینے کی ہدایت کی
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہدایت کی کہ بہت کام کرنا ہے، تمام سکیموں کے پی سی ون 15 جولائی تک جمع کروائے جائیں۔
تمام سکیموں کو وقت پر مکمل کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ پراجیکٹ میں شفافیت معیار اورمعیاد کی مانیٹرنگ پر خصوصی توجہ دی جائے۔ گاڑیوں اور دفاتر پرپیسے خرچ ہوتے ہیں تو ہسپتالوں پر کیوں نہیں۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایاگیا کہ پنجاب میں موٹرویز کے ہر انٹرچینج پر ایمبولینس شروع کی جارہی ہے۔ 106ترقیاتی منصوبے غیر ملکی اداروں کی معاونت اور اشتراک کے ساتھ مکمل کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے فنڈز کے استعمال کی بنیاد پر باقی مختص فنڈز بھی جاری کرنے اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس کے 25 فیصد فنڈ سہ ماہی بنیاد پر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے 83 اور ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 431 پراجیکٹ کی تفصیل پیش کی گئی۔ ڈیپارٹمنٹل ڈویلپمنٹ سب کمیٹی کے 282 اور صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے 378 منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ہرڈیپارٹمنٹ کی خصوصی سکیموں پر تفصیلی بریفنگ لی اورہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے مراکز صحت کی ری ویمپنگ اورتعمیرو بحالی کی جلد تکمیل کیلئے اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے چیچہ وطنی تا لیہ 189کلو میٹر سڑک اورملتان تا وہاڑی 93 کلو میٹر روڈکی تعمیر شروع کرنے کیلئے 13اگست تک کی ڈیڈ لائن دے دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ساہیوال تا سمندری اوربہاولنگر تا جھانگراشرقی انٹرچینج روڈ کی تعمیر کا آغاز بھی 13اگست تک کردیا جائے گا۔ فیصل آباد چنیوٹ سرگودھا روڈ کی تعمیراتی سرگرمیوں کا آغاز31 جولائی کو ہوگا۔