فلائی دبئی کا یکم جولائی سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازیں شروع کرنے کا اعلان

فلائی دبئی یکم جولائی 2024 سے اسلام آباد اور لاہور کے لیے پروازوں کا آغاز کر رہا ہے۔

اے پی پی کی رپورٹ کے مطابق فلائی دبئی نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ یہ پروازیں دبئی بین الاقوامی ہوائی اڈے (ڈی ایکس بی) کے ٹرمینل 2 سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے لیے روزانہ کی بنیاد پر چلائی جائیں گی۔

فلائی دبئی کے چیف کمرشل آفیسر حمد عبیداللہ نے کہا ہے کہ پاکستان طویل عرصے سے فلائی دبئی کے لیے ایک اہم مارکیٹ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سنہ 2010 میں جب ہم نے اس مارکیٹ میں آپریشن شروع کیا تھا تب سے ہم نے سفر کے لیے مسلسل ڈیمانڈ دیکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور کے لیے اپنی روزانہ کی خدمات کے آغاز کے ساتھ ہم مسافروں کو فلائی دبئی نیٹ ورک پر دبئی، جی سی سی خطے اور اس سے آگے کے مقامات کو دریافت کرنے کے مزید مواقع فراہم کرنے کے منتظر ہیں۔

حمد عبیداللہ نے کہا کہ فلائی دبئی نے سب سے پہلے سنہ 2010 میں کراچی کے لیے پروازوں کے آغاز کے ساتھ پاکستان میں آپریشن شروع کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد اور لاہور کے علاوہ یہ کیریئر فیصل آباد، کراچی، ملتان، کوئٹہ اور سیالکوٹ کے لیے بھی پروازیں فراہم کرتا ہے۔

حمد عبداللہ نے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت کے طور پر اسلام آباد جدیدیت اور قدرتی خوبصورتی کے اپنے خوشگوار امتزاج کے لیے مشہور ہے یہاں بہت سے عجائب گھر اور خوبصورت پارک ہیں جنہیں سیاح دریافت کر سکتے ہیں۔

پروازوں کے آغاز پر تبصرہ کرتے ہوئے فلائی دبئی کے سینیئر وائس پریذیڈنٹ، کمرشل آپریشنز (یو اے ای، جی سی سی، افریقہ اور انڈین سب کانٹیننٹ) سدھیر سری دھرن نے کہا کہ فلائی دبئی کی اسلام آباد اور لاہور کے لیے نئی روزانہ کی خدمات ہمارے صارفین کو متحدہ عرب امارات اور پاکستان سے سفر کے لیے زیادہ آسان اور قابل اعتماد آپشنز فراہم کریں گی۔

سدھیر سری دھرن نے کہا کہ چونکہ ہماری پروازیں بوئنگ 737 میکس طیاروں کے ہمارے بیڑے کے ذریعے چلائی جائیں گی اس لیے ہمیں یقین ہے کہ مسافر ہمارے آن بورڈ پروڈکٹ کے ساتھ بہتر سفری تجربے سے لطف اندوز ہوں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں