پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے گندم خریداری کا پیمانہ تبدیل کر دیا ، فی من کی بجائے 102 کلو کے مطابق خریداری ہو گی۔
چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضا نے کہا ہے کہ گندم خریداری کی فی من قیمت کے طریقہ کار کی وجہ سے ہمیں نقصان ہو رہا تھا ، بیوپاری فلور ملز کو محکمہ خوراک پنجاب والے باردانہ میں گندم سپلائی کرنے کے پابند ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ، خیبر پختونخوا،بلوچستان سمیت پنجاب کے کئی اضلاع میں 102 کلو کا نظام رائج ہے، بیوپاریوں سے خریدی گئی گندم میں کنکر ، مٹی ناقص معیار کے سبب ملز مالکان کو نقصان ہوتا ہے ، نئے طریقہ کار کے بعد اب فلور ملز اس تناسب سے آٹا قیمت کا تعین کریں گی ۔
صدر انجمن آڑھتیاں غلہ منڈی پنجاب رائے احسان نے کہا کہ فلور ملز ایسوسی ایشن کے فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ، پنجاب کے گندم بیوپاری موجودہ رائج طریقہ کار کے مطابق ہی گندم فروخت کریں گے ۔