پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 12 روپے تک کمی متوقع، عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں 5 ڈالر 14 سینٹ کی کمی کے بعد پٹرول کی قیمت 89 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے
مہنگائی سے تنگ عوام کیلئے اچھی خبر،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھرواضح کمی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 12 روپے تک کمی متوقع، عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں 5 ڈالر 14 سینٹ کی کمی ہونے سے پاکستان میں پٹرول کی قیمت میں 12 روپے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
یہ بھی بتایاگیا ہے کہ عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت 89 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آگئی ہے۔ عالمی منڈی میں ڈیزل چار ڈالر کی کمی کے بعد 93 ڈالر 88 سینٹ پر ٹریڈ کررہا ہے، اسی تناسب سے پاکستان میں ڈیزل کی قیمت میں 8 روپے 45 پیسے کی کمی متوقع ہے۔خیال رہے کہ 31مئی کو وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیاتھا
پٹرولیم ڈویژن نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری بھی کیاتھا۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کے نوٹیفکیشن کے مطابق یکم جون سے پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی لیٹرکمی کی گئی تھی۔جس کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے کمی کی گئی پرولیم کی نئی قیمت 268 روپے 36 پیسے ہوگئی تھی۔اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے کمی کی گئی جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 270 روپے 22 پیسے ہوگئی تھی۔
پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے تک کر دیاگیاتھا۔وزارت خزانہ کی جانب سے مٹی کا تیل بھی ایک روپے87 پیسے فی لیٹر سستا کیا گیا تھا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 171 روپے 61 پیسے فی لیٹرہوگئی تھی جبکہ نوٹیفکیشن کے مطابق لائٹ ڈیزل آئل 3 روپے 88 پیسے فی لیٹر سستا ہونے کے بعد 157 روپے 29 پیسے فی لیٹرہو گیا تھا۔یاد رہے کہ حکومت کی جانب سے گزشتہ ایک ماہ کے عرصے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے سے زائد کی کمی کی گئی تھی۔اس سے قبل 15 مئی کو حکومت نے پیٹرول 15 روپے 39 پیسے اور ڈیزل 7 روپے 88 پیسے سستا کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔