اسرائیل نے گزشتہ روز لبنان کی عسکری تنظیم ”حزب اللہ“ کی جانب سے کئے گئے بڑے حملے اور اس کے نتیجے میں لگنے والی بڑی آگ کے بعد لبنان کے خلاف بھی جنگ چھیڑنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
اسرائیل کے ملٹری چیف آف جنرل اسٹاف ہرزی حلوی نے منگل کو ایک بیان میں کہا کہ اسرائیل لبنان کے ساتھ شمالی سرحد پر ملٹری حملے کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے عنقریب فیصلہ کرلیا جائے گا۔
انہوں نے ایک ریکارڈ شدہ بیان میں کہا، ’ہم وسیع تربیت کے بعد، شمال میں جارحیت کے لیے تیار ہیں۔ ہم ایک فیصلہ کن نقطہ کے قریب ہیں۔
دوسری جانب لبنانی عسکری گروہ حزب اللہ کے نائب سربراہ نے کہا ہے کہ لبنان اسرائیل کے ساتھ تنازعے کو وسیع کرنے کی کوشش نہیں کر رہا لیکن مسلط کی گئی کسی بھی جنگ کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔
لبنانی گروپ کے نائب سربراہ شیخ نعیم قاسم نے کہا کہ حزب اللہ ’جنگ کے لیے تیار ہے اور اسرائیل کو کوئی فتح حاصل نہیں کرنے دے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’لبنان کے خلاف جنگ میں اسرائیل کو صرف تباہی، اور اس کے عوام کو بے گھر ہونے کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
انہوں نے کہا ’اگر اسرائیل ہمہ گیر جنگ لڑنا چاہتا ہے تو ہم اس کے لیے تیار ہیں‘۔