درآمد شدہ ایل پی جی کے 3 جہاز کراچی پورٹ پر پہنچتے ہی او جی ڈی سی ایل نے پیداواری لاگت کم کر دی ، ایل پی جی کا ایک اور جہاز دو تین روز میں پاکستان پہنچ جائے گا قیمت میں مزید کمی ہوگی،عرفان کھوکھرچیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن
عوام کیلئے خوشخبری ،ملک میں ایل پی جی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے اور ایل پی جی فی کلو250 سے کم ہو کر 180روپے فی کلو پر آ گئی ہے، درآمد شدہ ایل پی جی کے 3 جہاز کراچی پورٹ پر پہنچتے ہی او جی ڈی سی ایل نے پیداواری لاگت کم کر دی ہے۔اس حوالے سے چیئرمین ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کا ایک اور جہاز دو تین روز میں پاکستان پہنچ جائے گا ، جس کے بعد قیمت میں مزید کمی ہوگی۔
او جی ڈی سی ایل نے اہل پی جی کی پیداواری قیمت میں 32 ہزار میٹرک ٹن تک کمی کی ہے جس کے بعد ایل پی جی کی پیداواری قیمت ایک لاکھ 62 ہزار میٹرک ٹن سے کم ہو کر 1 لاکھ 30 ہزار پر آگئی ہے اور ایل پی جی کے تمام اسٹوریج سے بھر گئے ہیں۔
آئندہ ہفتے ایل پی جی کی قیمت میں مزید کمی ہوگی۔عرفان کھوکھر کا مزید کہنا تھاکہ اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت 238 روپے مقررہ کی تھی مگر مافیا 240 سے 250 روپے فی کلو فروخت کر رہا تھا۔
ایل پی جی مافیا کی بلیک میلنگ پر اوگرا اور دیگر حکومتی ادارے بھی خاموش تماشائی بنے رہے۔خیال رہے کہ اس سے قبل بھی حکومت نے ایل پی جی کی قیمت میں کمی کی تھی۔ایل پی جی کی نئی فی کلو قیمت 238 روپے46 پیسے مقرر کی گئی تھی جس کے مطابق ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 140 روپے 18 پیسے سستا ہوا تھا۔آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ایل پی جی کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔نوٹیفکیشن کے مطابق اوگرا نے ایل پی جی کی قیمت میں 11 روپے 88 پیسے فی کلو کمی کی ہے جس کے بعد ایل پی جی کی فی کلو قیمت 238 روپے مقرر کی گئی تھی۔ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی کے بعد ایل پی جی کے 11.8 کلو گرام کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 140 روپے کی کمی ہوئی اور قیمت 2 ہزار 813 روپے مقرر کی گئی تھی۔