اسرائیل نے رفح آپریشن بند نہ کیا تو قاہرہ امن معاہدہ ختم کردے گا.مصر کی دھمکی مصری حکام کا امریکی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کو اسرائیل پردباﺅ ڈالنے اور اسے رفح میں اپنا آپریشن ختم کرنے اورمذاکرات کا راستہ اختیار کرنے پر زوردینے کا مشورہ

مصرنے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے رفح آپریشن بند نہ کیا تو قاہرہ امن معاہدہ ختم کردے گا‘مصری حکام نے امریکی انٹیلی جنس ڈائریکٹر ولیم برنز کو اسرائیل کو رفح آپریشن روکنے کی ضرورت سے آگاہ کیا تاکہ امن معاہدہ منسوخ نہ ہو. اسرائیلی جریدے”معاریف“ کے مطابق مصری حکام نے حال ہی میں مصر کا دورہ کرنے والے امریکی انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر کو اسرائیل پر دباﺅ ڈالنے اور اسے رفح میں اپنا آپریشن ختم کرنے اور سنجیدگی سے مذاکرات کی طرف واپس آنے پر مجبور کرنے کی ضرورت سے آگاہ کیا ہے.

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مصری حکام نے آگاہ کیا ہے کہ ایسا نہ ہوا تو قاہرہ اسرائیل کیساتھ امن معاہدہ منسوخ کرسکتا ہے اسرائیلی جریدے کا کہنا ہے کہ غزہ پر جنگ کے آغاز کے بعد پہلی مرتبہ قاہرہ امدادی ٹرک ڈرائیوروں سے رفح کراسنگ کے مصر کی جانب کے علاقے کو خالی کرنے کے لیے کہہ رہا ہے. مصر غزہ میں سکیورٹی کی خرابی کے خدشہ کے پیش نظر رفح کی کراسنگ کی اپنی طرف کے علاقے میں حفاظتی اقدامات مضبوط بنا رہا ہے رواں ہفتے اسرائیلی فوج نے اعلان کیا تھا کہ اس نے6مئی سے شروع ہونے والے فوجی آپریشن میں غزہ کی پٹی کو مصری سرزمین سے الگ کرنے والی رفح کی زمینی گزرگاہ کی فلسطینی طرف کا مکمل کنٹرول سنبھال لیا ہے.

مصری وزارت خارجہ نے موجودہ ثالثی کی کوششوں کو کامیاب بنانے کے لیے تمام بین الاقوامی کوششوں کو جاری رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور فریقین پر زور دیا ہے کہ وہ لچک کا مظاہرہ کریں اور معاہدے تک پہنچنے کے لیے ضروری اقدامات کریں مصر کے وزیر خارجہ سامح شکری نے امریکہ، فرانس اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ساتھ غزہ کی پٹی میں ہونے والی پیش رفت، انسانی ہمدردی کی صورتحال اور مذاکرات کی موجودہ صورتحال پر بات چیت کی اور جامع جنگ بندی کے معاہدے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا.

ادھر عرب نشریاتی ادارے کے مطابق مقبوضہ فلسطین میں چار ا سرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں ان فوجیوں کی ہلاکت کا واقعہ شمالی غزہ میں پیش آیا ہے اسرائیلی فوج نے ان چار فوجیوں کی ہلاکت کے بارے میں باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہلاکتیں ایک سکول کے نزدیک دھماکے کے نتیجے میں ہوئی ہیں. بیان کے مطابق چاروں اسرائیلی فوجی اسی واقعے میں ہلاک ہوئے ہیں ایک ڈیوائس کے ذریعے کیے گئے دھماکے کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ شمالی غزہ کے علاقے زیتون میں پیش آیا ہے فوجی بیان کے مطابق یہ علاقہ جنوبی غزہ کے قریب تر واقع ہے اسرائیلی فوج نے اپنے چار اہلکاروں کی ہلاکت کے علاوہ ایک اور واقعے میں دو فوجیوں کے شدید زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے زخمیوں میں ایک فوجی افسر بھی شامل ہے اس کے علاوہ جنوبی غزہ میں ایک جھڑپ کے دوران بھی اسرائیلی فوج نے دو فوجیوں کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی ہے جھڑپ میں دو فوجیوں کے زخمی ہونے کے بعد انہیں بحفاظت وہاں سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں ان کا علاج معالجہ جاری ہے.

اسلامی جہاد گروپ کے القدس بریگیڈ نے شمالی غزہ میں زیتون کے علاقے میں ایک ڈیوائس کے ذریعے دھماکہ کرنے کے واقعہ کی اطلاع دی ہے القدس بریگیڈ کے مطابق ڈیوائس کے زریعے زمین میں دبائی گئی بارودی سرنگوں کو دھماکے سے اڑایا گیا یہ دھماکہ زیتون نامی علاقے کے پڑوس میں ہونے کا بتایا گیا ہے جبکہ حماس کے عسکری گروپ القسام بریگیڈ نے اطلاع دی ہے کہ اس نے مشرقی رفح میں اسرائیلی فوجیوں کو نشانہ بناتے ہوئے متعدد کو زخمی کیا ہے.

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں