نواب شاہ: وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ برسات و سیلاب متاثرین کی امداد کرنے آئے ہیں سیاست کرنے نہیں، متاثرین کو مشکلات سے نکالنا حکومت اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر سینیٹر فیصل سبزواری نے یہ بات پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وہ اپنے ہمراہ سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سامان لے کر نواب شاہ پہنچے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ متاثرین سیلاب و بارش کے لیے امریکہ، متحدہ عرب امارات، چین اور ترکی سمیت دیگر ممالک سے بھی امداد آرہی ہے اور عالمی سطح پر امداد آنے کا واضح مطلب ہے کہ بارشوں و سیلاب سے بہت زیادہ نقصان ہوا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نوشہرو فیروز میں 100 خیمے اور چار ٹن کھانے پینے کی اشیا پہنچ چکی ہیں جب کہ نواب شاہ میں متاثرین کیلئے 8 ٹن راشن اور اجناس تقسیم کی گئی ہیں، عوام کا پیسہ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ ہونا چاہیے۔
وفاقی وزیر برائے پورٹ اینڈ شپنگ سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا کہ بیرونی ممالک سے ملنے والی امداد پسند نا پسند کی بنیاد پر تقسیم کی شکایات ملی ہیں، بیرونی ممالک سے ملنے والی امداد متاثرین میں بلا تفریق تقسیم کی جائے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے بھی الزام عائد کیا تھا کہ سیاسی بنیادوں پر امدادی سامان کو تقسیم کیا جا رہا ہے، متاثرین میں امدادی سامان انسانیت کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے۔