ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 40 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی رواں ہفتے کے دوران تیسری مرتبہ سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا یومیہ اضافہ، 10 گرام سونے کی قیمت بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی

ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 40 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی، رواں ہفتے کے دوران تیسری مرتبہ سونے کی فی تولہ قیمت میں ہزاروں روپے کا یومیہ اضافہ، 10 گرام سونے کی قیمت بھی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں جمعرات کے روز سونے کی قیمت میں اضافے کے تمام ہی ریکارڈ ٹوٹ گئے۔

جمعرات کے روز سونے کی عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں بڑا اضافہ ریکارڈ ہوا۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 21ڈالر کے اضافے سے 2311ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔ جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی جمعرات کے روز 24 قیراط کے حامل فی تولہ سونے کی قیمت 2200روپے کے اضافے سے 241100روپے اور فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1886روپے کے اضافے سے 206704روپے کی سطح پر آگئی۔

ملکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 40 ہزار روپے کی سطح سے اوپر چلی گئی۔ اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت 40روپے کے اضافے سے 2650روپے اور فی 10 گرام چاندی کی قیمت 34.29روپے کے اضافے سے 2271.94 روپے کی سطح پر آگئی۔ دوسری جانب ملک میں مسلسل دوسرے روز ڈالر کی قیمت میں بھی اضافہ ہوا۔ کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں امریکی کرنسی کی قیمت میں ایک پیسے کا معمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹربینک میں ڈالر 277 روپے 93 پیسے پر بند ہوا ہے۔

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی ہے، اوپن مارکیٹ میں ڈالر 21 پیسے کمی کیساتھ 279 روپے 77 پیسے میں فروخت ہوا۔  معاشی ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے قرض کی قسط منتقل کیے جانے کے بعد ناصرف زرمبادلہ ذخائر میں مزید اضافہ ہو گا، ساتھ ساتھ روپے پر دباو بھی کم ہو جائے گا، جس سے ڈالر کی قیمت مزید کم ہو سکتی ہے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں