سونا مہنگا ہونے کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے، فی تولہ سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث پاکستان میں بھی سونے کے نرخ بڑھ گئے۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 17ڈالر کے اضافے سے 2290ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت میں 1800 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت میں 1543 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
قیمتوں میں اضافے کے باعث مقامی صرافہ بازاروں میں فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 38 ہزار 900 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت 2 لاکھ 4 ہزار 818 روپے ہوگئی۔ دوسری جانب ڈالر بھی مہنگا ہو گیا۔ کاروباری ہفتے کے تیسرے روز کے اختتام پر انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں 7 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث انٹر بینک میں ڈالر 277 روپے 91 پیسے بند ہوا۔
جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ بدھ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں 13دن کے وقفے کے بعد روپے کی نسبت ڈالر کی قدر مخں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں اسکے برعکس ڈالر کی قدر گھٹ کر 280روپے سے بھی نیچے آگئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 08پیسے کے اضافے سے 277روپے 91پیسے کی سطح پر بند ہوئے، اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 06پیسے کی کمی سے 279روپے 98پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 277 اور 278روپے کے درمیانی سطح پر آگئے ہیں لیکن معیشت میں ڈالر کی طلب میں بتدریج اضافہ روپے کی قدر کو متاثر کر رہا ہے۔ تاہم ساتھ ساتھ عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 500ملین ڈالر قرض کی منظوری ودیگر مثبت معاشی اشاریوں کی وجہ سے تین ہفتے بعد انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض کی قسط موصول ہونے اور دیگر ذرائع سے ان فلوز بہتر ہونے سے روپے کی قدر مزید بڑھ سکتی ہے۔