کئی ماہ بعد پہلی مرتبہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 280 روپے کی سطح سے نیچے آ گئی، انٹربینک مارکیٹ میں بھی امریکی ڈالر کی قیمت 278 روپے کی سطح سے نیچے آ چکی، ان فلوز بڑھنے کی صورت میں روپے کی قدر مزید بہتر ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔
بدھ کے روز انٹربینک مارکیٹ میں 13دن کے وقفے کے بعد روپے کی نسبت ڈالر کی قدر مخں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا جبکہ اوپن مارکیٹ میں اسکے برعکس ڈالر کی قدر گھٹ کر 280روپے سے بھی نیچے آگئی۔ انٹربینک مارکیٹ میں کاروباری دورانیے کے اختتام پر ڈالر کے انٹربینک ریٹ 08پیسے کے اضافے سے 277روپے 91پیسے کی سطح پر بند ہوئے، اس کے برعکس اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 06پیسے کی کمی سے 279روپے 98پیسے کی سطح پر بند ہوئی۔
ماہرین کا کہنا ہے ڈالر کے انٹربینک ریٹ 277 اور 278روپے کے درمیانی سطح پر آگئے ہیں لیکن معیشت میں ڈالر کی طلب میں بتدریج اضافہ روپے کی قدر کو متاثر کر رہا ہے۔ تاہم ساتھ ساتھ عالمی بینک کی جانب سے پاکستان کے لیے 500ملین ڈالر قرض کی منظوری ودیگر مثبت معاشی اشاریوں کی وجہ سے تین ہفتے بعد انٹربینک میں ڈالر کی نسبت روپے کی قدر میں محدود پیمانے پر اضافہ ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق آئی ایم ایف سے قرض کی قسط موصول ہونے اور دیگر ذرائع سے ان فلوز بہتر ہونے سے روپے کی قدر مزید بڑھ سکتی ہے۔