پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں اضافہ، معاشی سرگرمیوں میں استحکام کا اشارہ تیل کی سالانہ فروخت میں اضافہ 21 ماہ بعد ریکارڈ کیا گیا

پاکستان میں کل پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت مارچ میں 1.15 ملین ٹن رہی، جو کہ سالانہ بنیاد پر چار فیصد زیادہ ہے۔

بزنس ریکارڈر کے مطابق ٹاپ لائن سکیورٹیز نے منگل کو اپنے ایک نوٹ میں کہا کہ ’تیل کی سالانہ فروخت میں اضافہ 21 ماہ کے بعد ہوا ہے‘۔

بروکریج ہاؤس کا مزید کہنا تھا کہ ’تیل کی فروخت میں بہتری معاشی سرگرمیوں میں کچھ استحکام کا اشارہ دیتی ہے۔‘

تاہم، فرنس آئل کی فروخت مارچ 2024 میں سالانہ بنیاد پر 48 فیصد کم ہوئی، جو کہ 0.04 ملین ٹن تھی۔

اسی طرح پیٹرول کی فروخت مارچ میں 0.57 ملین ٹن تک پہنچنے پر اس میں سالانہ 3 فیصد اضافہ دیکھنے کو ملا۔ ہائی سپیڈ ڈیزل کے حجم میں 17 فیصد سالانہ اضافہ ہوا، جو مارچ 2024 میں 0.46 ملین ٹن تک پہنچ گیا۔

ماہانہ بنیاد پر، مارچ کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی خریداری میں 3 فیصد کا اضافہ دیکھا گیا۔

اسی طرح پیٹرول کے حجم میں 5 فیصد بہتری آئی، جبکہ ڈیزل کے حصول میں 4 فیصد اضافہ ہوا۔

ٹاپ لائن سکیورٹیز نے کہا کہ،’آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی فروخت میں ماہانہ اضافہ فروری 2024 میں کم دنوں اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کی توقعات کی وجہ سے ہے۔‘

دریں اثنا، فرنس آئل کی سیلز میں ماہانہ بنیاد پر 11 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

مالی سال 24 کے پہلے نو مہینوں کے دوران، کل پٹرولیم مصنوعات کی فروخت گزشتہ سال کی اسی مدت میں 12.80 ملین ٹن کے مقابلے میں 11 فیصد سالانہ کمی سے 11.34 ملین ٹن رہی۔

پروڈکٹ کے حساب سے ڈیٹا نے تمام زمروں میں کمی ظاہر کی۔

پیٹرول، ہائی اسپئیڈ ڈیزل اورفرنس آئل کی پیداوار بالترتیب 5.30 ملین ٹن، 4.58 ملین ٹن اور 0.84 ملین ٹن رہی، جو کہ 5، 5 اور 53 فیصد کمی کو ظاہر کرتی ہے۔

دوسری طرف، اٹک پیٹرولیم لمیٹڈ (اے پی ایل) اور ہاسکول پیٹرولیم لمیٹڈ (HASCOL) کی فروخت میں بالترتیب 9 فیصد اور 41 فیصد سالانہ کمی واقع ہوئی۔

تاہم، شیل پیٹرولیم لمیٹڈ (SHELL) کی فروخت میں 6 فیصد سالانہ اضافہ دیکھا گیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں