ن لیگ، پیپلز پارٹی کی نئی اتحادی حکومت میں معاشی عشاریے پھر سے بگڑ گئے گزشتہ ماہ مارچ میں مہنگائی کی ماہانہ شرح میں نمایاں اضافہ، تجارتی خسارہ بھی بڑھ گیا

ن لیگ، پیپلز پارٹی کی نئی اتحادی حکومت میں معاشی عشاریے پھر سے بگڑ گئے، گزشتہ ماہ مارچ میں مہنگائی کی ماہانہ شرح میں نمایاں اضافہ، تجارتی خسارہ بھی بڑھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق نگران حکومت جانے کے بعد اور مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی نئی اتحادی حکومت کے قیام کے پہلے ہی ماہ برآمدات میں کمی اور تجارتی خسارہ بڑھ گیا۔

نئی حکومت کے پہلے ماہ ماہانہ بنیادوں پر برآمدات میں 1.08 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ فروری کے مقابلے مارچ میں تجارتی خسارہ 24.56 فیصد بڑھ گیا۔ادارہ شماریات نے تجارتی اعدادو شمارجاری کردیئے ہیں جب کہ مارچ میں ماہانہ بنیادوں پردرآمدات میں 9.25 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ماہ سالانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 56.30 فیصد کا اضافہ ہوا، مارچ میں سالانہ بنیادوں پر درآمدات 25.86 فیصد بڑھیں، مارچ میں سالانہ بنیادوں پر برآمدات میں 7.99 فیصد کا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات نے بتایا کہ جولائی تا مارچ برآمدات میں 8.93 فیصد اضافہ ہوا۔ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں تجارتی خسارہ 24.94 فیصد کم ہوا جب کہ جولائی تا مارچ درآمدات میں 8.65 فیصد کمی ہوئی جب کہ رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں برآمدات کا حجم 22 ارب 91 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا۔رپورٹ کے مطابق اسی عرصے میں تجارتی خسارے کا حجم 17 ارب ڈالرز سے زائد رہا، جولائی تا مارچ درآمدات کا حجم 39 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا جب کہ مارچ 2024 میں برآمدات کا حجم 2 ارب 55 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ماہ تجارتی خسارہ 2 ارب 17 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز رہا، مارچ میں درآمدات کا حجم 4 ارب 72 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔ دوسری جانب نئی حکومت کے پہلے ماہ میں مہنگائی میں بھی نمایاں اضافہ ہو گیا۔ ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ماہانہ رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق فروری 2024 کے مقابلے مارچ میں مہنگائی 1.71 فیصد بڑھ گئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں مہنگائی کی شرح 20.68 فیصد ریکارڈ کی گئی جب کہ جولائی تا مارچ مہنگائی کی اوسط شرح 27.06 فیصد رہی۔ادارہ شماریات کے مطابق گذشتہ ماہ شہری علاقوں میں مہنگائی میں 1.43 فیصد کا اضافہ ہوا جب کہ مارچ میں دیہی علاقوں میں مہنگائی میں 2.13 فیصد کا اضافہ ہوا۔ادارہ شماریات کے مطابق مارچ میں شہری علاقوں میں مہنگائی کی شرح 21.90 فیصد رہی جب کہ گذشتہ ماہ دیہی علاقوں میں مہنگائی 18.97 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں