ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت میں مزید 2 ہزار 800 روپے کا اضافہ ہوگیا سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، فی تولہ سونے کی نئی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار 600 روپے ہوگئی، دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 2401 روپے کا اضافہ ہوا ہے

ملک میں سونے کی قیمتوں میں اتارچڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، سونے کی قیمت ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں فی تولہ سونے کی قیمت پھر بڑھنا شروع ہو گئی ہے۔ آل پاکستان جیمز اینڈ جیولرزایسوسی ایشن کے مطابق فی تولہ سونے کی قیمت 2 ہزار800 روپے بڑھنے کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 37 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح دس گرام سونے کی قیمت میں بھی 2 ہزار 401 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 2 لاکھ 3 ہزار 704 روپے ہوچکی ہے۔ یاد رہے بین الاقوامی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 24 ڈالر اضافے کے بعد 2211 ڈالر کا ہوگئی ہے۔ دوسری جانب گزشتہ روز حکومت نے ملک میں پیٹرول کی قیمت بڑھا دی، وزارت خزانہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

جس کے تحت آئندہ 15 روز کیلئے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 66 پیسے اضافہ کردیا گیا، جس کے بعد پیٹرول کی فی لیٹر نئی قیمت 289 روپے 41 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔ فنانس ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن میں کہا گیا کہ ملک میں ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں آئندہ 15 روز کیلئے 3 روپے 22 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اور اب ڈیزل کی نئی قیمت 282 روپے 24 پیسے فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے آئندہ 15 روز کیلئے ہوگا۔

بتایا جارہا ہے کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت سے پیٹرول کی فروخت پر ایک بار پھرمارجن بڑھانے کا مطالبہ کردیا ہے، اس مقصد کے لیے پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وزارت خزانہ کو ایک خط بھی ارسال کیا ہے، خط میں بجلی کی قیمت، شرح سود اور کراچی انٹربینک آفرڈ ریٹ، لیبر کی لاگت، فرنچائز کی فیس میں اضافے کو مارجن بڑھانے کے مطالبے کا جواز بنایا اور خط میں ایرانی پٹرولیم مصنوعات کی یلغار کو بھی ڈیلرز کے نقصان کا سبب قرار دیا گیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں