ہرات: افغانستان کے شہر ہرات کی بڑی مسجد میں دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں طالبان کے حامی اور با اثر امام سمیت 18 افراد جاں بحق اور 21 زخمی ہو گئے ہیں۔
مؤقر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ، برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز اور افغان نشریاتی ادارے طلوع نیوز کے حوالے سے بتایا ہے کہ دھماکہ گزرگاہ نامی مسجد میں جمعے کی نماز سے پہلے ہوا جس میں امام مسجد مجیب رحمان انصاری سمیت 18 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
خبر رساں اداروں کے مطابق ہرات پولیس کے ترجمان محمود رسولی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں کئی شہریوں اور گارڈز سمیت امام مسجد مجیب رحمان انصاری جاں بحق ہوئے ہیں۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس ضمن میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ بیان میں دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آوروں کو سزا دی جائے گی۔
عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق تاحال کسی بھی گروپ یا تنظیم کی جانب سے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ دو دن قبل 31 اگست کو افغانستان سے غیرملکی فوجوں کے انخلا اور طالبان کی حکومت کا ایک سال مکمل ہو گیا ہے۔