بیجنگ: چین نے یورپ سے ہوا میں اڑنے والی کار ٹیکنالوجی خرید کر فلائنگ کار ٹیکنالوجی میں قدم رکھ دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق الیکٹرک وہیکل ٹیکنالوجی میں انقلاب برپا کرنے کے بعد چین اب فلائنگ کار ٹیکنالوجی حاصل کرنے میں کامیاب ہو گیا۔ چین نے یورپین ایئر کار بنانے والی کمپنی “کلین ویژن” سے فلائنگ کار ٹیکنالوجی کے تمام رائٹس خرید لیے۔
یورپین کمپنی کی جانب سے بنائی گئی کار گزشتہ 2 برسوں سے کامیابی کے ساتھ ٹیسٹ فلائٹس کا ہدف حاصل کر رہی ہے۔ بی ایم ڈبلیو انجن اور عام ایندھن سے چلنے والی ایئر کار نے 2021 میں سلوواکیہ کے 2 ہوائی اڈوں کے درمیان 35 منٹ تک پرواز کی تھی۔
مذکورہ ٹیکنالوجی کی کار کو کار سے ہوائی جہاز میں تبدیل ہونے میں صرف 2 منٹ لگتے ہیں۔
چین فلائنگ کار ٹیکنالوجی خریدنے کے بعد اب اسے مخصوص جغرافیائی علاقے میں استعمال کرے گا۔
گزشتہ ماہ آٹو فلائٹ نامی فرم نے شینزین اور زوہائی شہروں کے درمیان مسافر بردار ڈرون کی آزمائشی پرواز کی اور دونوں شہروں کے درمیان کار سے 3 گھنٹے کا سفر مسافر بردار ڈرون نے صرف 20 منٹ میں مکمل کیا تاہم اس تجرباتی فلائیٹ کے دوران طیارے میں کوئی مسافر سوار نہیں تھا۔