پاکستان میں پیاز کی قیمت نیچے آنے کی امیدیں دم توڑ گئیں مودی سرکار نے پیاز کی برآمد پر پابندی میں توسیع کردی، کئی ممالک متاثر ہوں گے۔

بھارت میں عام انتخابات کی تاریخیں نزدیک آنے پر مودی سرکار نے پیاز کی برآمد پر پابندی کی میعاد بڑھادی ہے۔ اس کے نتیجے میں پاکستان میں پیاز کی قیمتیں نیچے آنے کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔

مودی سرکار کے اقدام سے پاکستان سمیت کئی ملکوں میں پیاز کی قیمت کنٹرول کرنا مزید دشوار ہو جائے گا۔ بھارت دنیا بھر میں پیاز برآمد کرنے والا بڑا ملک ہے۔ بھارتی حکومت نے پیاز کی برآمد پر دسمبر میں پابندی عائد کی تھی جو 31 مارچ کو ختم ہونے والی تھی۔

پاکستان اور دیگر ملکوں میں سبزیوں کے تاجروں کا خیال تھا کہ بھارتی پیاز کی برآمد پر پابندی ختم ہونے سے پیاز کی قیمتیں نصف کی حد تک کم ہوجائیں گی۔ نئی فصل کی پیداوار بھی آنے والی ہے۔

ممبئی کی ایک برآمدی فرم کے ایگزیکٹیو کا کہنا ہے کہ پیاز کی برآمد پر پابندی میں توسیع حیرت انگیز اور بالکل غیر ضروری ہے۔ نئی فصل کی آمد سے ملک میں پیاز کی قیمت نیچے آرہی ہے۔

بھارت میں مہاراشٹر پیاز پیدا کرنے والی سب سے بڑی ریاست ہے۔ وہاں پیاز کی قیمتیں دسمبر میں 450 روپے فی 10 کلو گرام تھیں۔ اب 1200 روپے فی 100 کلو گرام کی سطح پر آچکی ہیں۔

بھارت سے پیاز درآمد کرنے والے ملکوں میں پاکستان کے علاوہ نیپال، بنگلہ دیش، متحدہ عرب امارات اور ملائیشیا شامل ہیں۔ بھارتی تاجروں کا کہنا ہے کہ چین اور مصر جیسے ممالک کا شپمنٹ ٹائم بھارت کے شپمنٹ ٹائم سے کم ہے۔ بھارت نے 31 مارچ 2023 کو ختم ہونے والے مالی سال میں 25 لاکھ میٹرک ٹن پیاز برآمد کی تھی۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں