وفاقی حکومت نے یوٹیلٹی اسٹورز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹ سے کم رکھنے کی ہدایت کردی ہے، وفاقی وزراء رانا تنویر حسین اور عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر اشیاء پر خصوصی رعایت دی گئی ہے، رمضان پیکیج کے تحت غریب عوام کو اشیاء پر سبسڈی دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر وفاقی وزراءرانا تنویر حسین اور عطاءاللہ تارڑ نے آبپارہ مارکیٹ، جی سکس میں قائم یوٹیلٹی سٹور کا اچانک دورہ کیا۔
وفاقی وزرا نے حکومت کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو دی جانے والی سبسڈی کے تحت فراہم کردہ اشیاء کی قیمتوں اور معیار کا جائزہ لیا۔ وفاقی وزرا نے یوٹیلٹی سٹورز پر موجود شہریوں سے مختلف سوالات بھی کئے۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ رمضان ریلیف پیکیج 2024ء کے تحت یوٹیلٹی سٹورز پر صارفین کو خصوصی رعایت دی جا رہی ہے، حکومت رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے، یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں مارکیٹ سے کم ہیں، حکومت ان قیمتوں کو برقرار رکھنے کے لئے پرعزم ہے۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت غریب عوام کو رمضان المبارک میں ریلیف کی فراہمی کے لئے مختلف اقدامات کر رہی ہے، حکومت نے رمضان پیکیج کا اعلان کیا جس کے تحت غریب عوام کو مختلف اشیائے خوردونوش پر سبسڈی دی جا رہی ہے، آٹا، گھی، چینی سمیت دیگر اشیاء پر حکومت کی جانب سے خصوصی رعایت دی گئی ہے۔ وفاقی وزرا نے یوٹیلٹی سٹورز پر بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے افراد کو حکومت کی جانب سے فراہم کردہ خصوصی سبسڈی کے تحت اشیاء کی فراہمی کا بھی جائزہ لیا۔ صارفین نے وفاقی وزراءسے کاﺅنٹرز میں اضافہ کرنے کی درخواست کی۔ وفاقی وزراء نے یوٹیلٹی سٹورز پر کاﺅنٹرز کی تعداد بڑھانے اور عوام کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔