یوٹیلیٹی سٹورز پریکم رمضان سے سبسڈائزڈ گھی کی قیمت میں مزید 30روپے فی کلو کمی

وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر یکم رمضان سے سبسڈائزڈ گھی کی قیمت میں مزید 30روپے فی کلو کی کمی ہوگی۔

ترجمان یوٹیلٹی سٹورز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف نے عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے بی آئی ایس پی میں PMT-60یا اس سے کم کے رجسٹرڈ خاندانوں کیلئے سبسڈائزڈ گھی کی قیمت میں 30روپے فی کلو کی مزید کمی کا اعلان کیا ہے اور اب یکم رمضان سے سبسڈائزڈ گھی 365روپے فی کلو کی بجائے 335روپے فی کلو کے حساب سے دستیاب ہوگا۔

علاوہ ازیں وزیراعظم کی ہدایت پر ملک بھر کے ہر ضلع میں موبائل یوٹیلیٹی سٹورز اور سبسڈائزڈ آٹا سیلز پوائنٹس کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے جس سے بی آئی ایس پی میں PMT-60یا اس سے کم کے رجسٹرڈ خاندانوں کو ان کی دہلیزپر سبسڈائزڈ آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

واضح رہے کہ تما م یوٹیلیٹی سٹورز پر وزیر اعظم رمضان ریلیف پیکیج کامیابی سے جاری ہے اس پیکیج کیلئے وزیر اعظم نے یوٹیلیٹی سٹورز کی تاریخ کی سب سے بڑی سبسڈی دی ہے جس کے تحت 19بنیادی اشیاء بشمول آٹا، چینی، گھی، کوکنگ آئل، بیسن، کھجور، سفید چنا، دالیں، چاول، چائے، دودھ، مشروبات اور مصالحہ جات پر بی آئی ایس پی میں PMT-60یا اس سے کم کے رجسٹرڈ خاندانوں کو خصوصی رعایت دی جا رہی ہے جو بلا شبہ غریب اور متوسط خاندانوں کیلئے زبردست ریلیف کا باعث ہیں۔

عام صارفین کیلئے بھی سینکڑوں معیاری اشیاء خوردنوش انتہائی بارعایت دستیاب ہیں۔ ترجمان کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز پر دستیاب اشیاء کے معیار اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا گیا ہے کسی بھی چیز کی کوئی کمی نہیں تمام صارفین بغیرکسی دشواری کے یوٹیلیٹی سٹورز پر تشریف لائیں اور وزیر اعظم ریلیف پیکیج سے فائدہ اٹھائیں۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں