ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعرفان نواز مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار،6 ماہ قید کی سزا عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی سزا ایک ماہ کیلئے خود ہی معطل بھی کر دی، فیصلے کے مطابق اگر 30 دن میں اپیل میں سزا معطل نہ ہو تو پھر گرفتار کیا جائے

ڈپٹی کمشنر اسلام آبادعرفان نواز مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار،6ماہ قید کی سزا سنا دی،عدالت نے ڈپٹی کمشنر کی سزا ایک ماہ کیلئے خود ہی معطل بھی کر دی، فیصلے کے مطابق اگر 30 دن میں اپیل میں سزا معطل نہ ہو تو پھر گرفتار کیا جائے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بار ستار نے سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی اور شاندانہ گلزار کی غیر قانونی گرفتاریوں کے کیس میں محفوظ فیصلہ سنایا۔

عدالت نے عرفان نواز میمن اختیارات سے تجاوز پر مس کنڈکٹ کے مرتکب قرار دیدیا۔ اسلام آباد پولیس کے ایس ایس پی آپریشنز کو 4 ماہ قید،ایک لاکھ جرمانہ عائد کردیا۔ عدالت نے ایس پی صدر کو توہین عدالت کیس میں بری کردیا۔ عدالت نے ایس ایچ او ناصر منظور کو بھی دو ماہ جیل اور ایک لاکھ جرمانہ کردیا۔

عدالت نے فیصلے کی کاپی وزیراعظم پاکستان کو بھجوانے کی ہدایت کردی۔

خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت کے ڈپٹی کمشنر عرفان نواز میمن کو بیرون ملک جانے سے روک دیاتھا۔ طلبی کے باوجود گزشتہ روز عدالت میں پیش نہ ہونے پر دوسرے شوکاز نوٹس میں غیر مشروط معافی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جواب جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ ڈی سی اسلام آباد کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس بابر ستار کر رہے ہیں، ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش ہوگئے تھے اور خود کو ہائیکورٹ کے رحم و کرم پر چھوڑ دیاتھا۔

عرفان نواز میمن نے بیان دیا تھاکہ اس کیس میں 18 سماعتیں ہوئیں، کسی سماعت میں غیر حاضر نہیں ہواتھا۔ اپنے آپ کو عدالت کے رحم و کرم پر چھوڑتا ہوں دوران سماعت جسٹس بابر ستار نے ڈی سی اسلام آباد کی سرزنش کرتے ہوئے کہاتھا کہ ’کیا آپ سمجھتے ہیں یہ مذاق ہے؟ آپ کے خلاف توہینِ عدالت چل رہی ہے،آپ نے 970 دنوں کیلئے 69 ایم پی او آرڈر جاری کیے، کیا ان کے بچے نہیں تھے انہیں عمرے پر نہیں جانا تھا؟ ہم نے شوکاز نوٹس جاری کیا ہے ۔

بعدازاں عدالت نے سماعت کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔قبل ازیںاسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس بابر ستار کی عدالت نے شہریار آفریدی کے خلاف ایم پی او آرڈر جاری کر کے اختیارات سے تجاوز کرنے پر توہین عدالت کیس میں عدم حاضری پر ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔عدالت نے ڈی سی اسلام آباد کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور چاروں صوبوں کے آئی جیز کو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا ۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں