مریم نواز نے صوبے بھر میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی لگا دی پابندی کا اطلاق فوری ہوگا،سیکرٹری وزیراعلیٰ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا،وزیراعلیٰ پنجاب کی شہر سے تجاوزات ہٹانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی لگا دی، پابندی کا اطلاق فوری ہوگا،سیکرٹری وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا،شہر سے تجاوزات ہٹانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت،راستوں اور بازاروں میں ٹریفک کی بندش اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے۔تفصیلات کے مطابق سیکرٹری اسمبلی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں تقرر اور تبادلوں پر پابندی لگا دی ہے۔

تاحکم ثانی تمام عہدوں پر افسران و ملازمین کے تقررو تبادلوں پر پابندی ہوگی، تقررو تبادلوں کیلئے وزیراعلی سے بذریعہ سمری اجازت لینا ہوگی۔کسی بھی تقررو تبادلوں کیلئے وزیراعلیٰ کو مکمل وجوہات سے بھی آگاہ کرنا لازم ہوگا۔

دیں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں دکانوں کے باہر رکھا سامان ہٹانے کیلئے انتظامیہ کو ایک ماہ کی مہلت دیدی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دکانوں کے سامنے سامان رکھنے کے باعث شہریوں کو درپیش مشکلات کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کی شکایت پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ راستوں اور بازاروں میں ٹریفک کی بندش اور رکاوٹوں کو دور کیا جائے، دکاندار سامان اپنی دکانوں کی حدوں میں رکھیں، یقینی بنائیں ریڑھی بان متعین جگہوں پر ٹھیلے لگائیں تاکہ شہریوں کے ساتھ دکانداروں اور ریڑھی بانوں کو تکلیف نہ ہو۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے متعلقہ حکام کو ایک ماہ میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرنے اور ٹریفک کی روانی اور شہریوں کیلئے آسانی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے شکایت کی کہ دکانداروں نے سامان باہر رکھا ہوا ہے، ٹھیلے اور ریڑھی والوں کی تجاوزات کے باعث آمدورفت میں شدید مشکلات ہیں، تجاوزات کی وجہ سے آئے روز حادثات ہوتے ہیں۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازکی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ نے پنجاب کی آبادی کا مربوط اور مستند ڈیٹا مرتب کرنے کا حکم دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک کی تاریخ میں پنجاب کا پہلامستند ڈیٹابیس ہب اور ڈیٹابیس اتھارٹی بنے گی، پنجاب کے پہلے ڈیٹابیس کی تشکیل سے معاشی پالیسی سازی میں مدد ملے گی۔ 

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں