پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ نئی حکومت سیاسی اور معاشی استحکام لائے گی، معیشت سے ساری معاملات جڑے ہوئے ہیں، یہ حکومت معیشت کو ٹھیک کرے گی، اس کے بعد سیاسی عدم استحکام کی کوئی بات نہیں ہے، حکومت معیشت کو ٹھیک کرے گی تو سب ٹھیک ہوگا، یہ حکومت مدت بھی پوری کرے گی، اللہ کرے ہر وزیراعظم اپنی مدت پوری کرے، طویل عرصے بعد پارلیمنٹ آنا اچھا لگا۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں پاکستان مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہورہا ہے، جہاں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف اور صدر شہباز شریف پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والے اس اجلاس موجود ہیں، سینئر رہنماء سینیٹر اسحاق ڈار کے چیمبر میں ہونے والے اجلاس میں دیگر ن لیگی قائدین اور رہنماء بھی شریک ہیں، حمزہ شہباز، خواجہ آصف اور دیگر ارکان بھی اس اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچے ہیں، ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹرز کو کمیٹی روم نمبر 2 میں موجودگی یقینی بنانے کا کہا گیا جہاں مسلم لیگ ن کی مشترکہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت نواز شریف اور شہباز شریف کریں گے۔
بتایا جارہا ہے کہ پارلیمانی پارٹی کے اس اجلاس میں شرکت کے لیے صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے تمام نو منتخب لیگی اراکین کواسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی تھی کیوں کہ قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بھی رواں ہفتے ہی ہوگا جس میں اراکین حلف اٹھائیں گے، سابق سپیکر ایاز صادق اور چیف وہپ آفتاب شیخ نے نو منتخب اراکین سے رابطے کیے ہیں، نو منتخب اراکین کی بڑی تعداد کو پارلیمنٹ لاجز میں سرکاری رہائش گاہ بھی الاٹ کردی گئی ہے۔
معلوم ہوا ہے کہ سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کے بعد قائد ایوان کا انتخاب ہوگا، وزیر اعظم کے انتخاب کے موقع پر قائد ن لیگ نوازشریف کی آمد بھی ایوان میں متوقع ہے، اتحادی جماعتوں کی طرف سے وزیراعظم کے لیے نامزد امیدوار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی اورمعاشی استحکام کے لیے باہمی اتحاد کی جتنی ضرورت آج ہے اس سے پہلے نہ تھی، ملک سے غربت، بے روزگاری اور جہالت کے خاتمے کے لیے مل کرجدوجہد کرنا ہوگی، سادگی اور کفایت شعاری کو اپناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ وسائل عوام کی فلاح و بہبود پرخرچ کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونی سرمایہ کاری کیلئے سیاسی استحکام اور پُرامن فضاء بے حد اہمیت کی حامل ہے، پاکستان تب ہی خوشحال ہوگا جب اس کی تمام اکائیاں خوشحال ہوں گی، تمام صوبوں کی ترقی میرے دل کے قریب ترین ہے، پہلے بھی معاشی ترقی،استحکام کی روشن مثال قائم کی، اب بھی معیشت کو بہتر بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے، زندہ قومیں چیلنجزاورمشکلات کا سامنا جرآت اور محنت سے کرتی ہیں، متحد ہوکر آگے بڑھیں گے اور مسائل حل کریں گے، میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک کوخوشحالی وترقی کی راہ پرگامزن کریں گے۔