پاکستان مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں واضح اکثریت حاصل کر لی،مسلم لیگ ن پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 215نومنتخب اراکین اسمبلی کی شرکت، اسمبلی چیمبر میں مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے کی۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ق کے ارکان اسمبلی کو بھی مدعو کیا گیاتھا۔
پارٹی کی نامزد رہنما مریم نواز ملک کی پہلی خاتون وزیر اعلیٰ بننے کیلئے تیار ہیں۔پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں تمام اراکین نے مریم نواز پر بھرپور اعتماد کااظہارکیا اور تعاون کی مکمل یقین دہانی کروائی۔عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) نے پنجاب میں133 نشستیں حاصل کی تھیں۔
جس کے بعد 23 آزاد ارکین نے بھی بعد میں مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کرلی تھی اس طرح سے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے نو منتخب ارکان کی تعداد ایک سو 160 ہے۔
مسلم لیگ (ن) کو خواتین کی 36 اور اقلیتوں کی 5 مخصوص نشستیں بھی الاٹ کردی گئیںتھیں اس طرح مخصوص نشستوں کو ملا کر پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) 201 کے ساتھ سب سے آگے ہے۔پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے سادہ اکثریت کیلئے ایک سو 186 ارکان کی حمایت درکار ہوتی ہے، مسلم لیگ (ن) کو پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے 14، مسلم لیگ (ق) کے 10 اور استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے 6ارکان کی حمایت بھی حاصل ہے۔
اس طرح مسلم لیگ (ن) کو پنجاب اسمبلی میں 230 ارکین کی حمایت حاصل ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنماءن لیگ عطاءتارڑ نے کہا کہ ہمارے پاس 210 ارکان کی واضح اکثریت موجود ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں عوامی فلاح کے منصوبے مکمل ہوں گے اور مہنگائی میں بھی کمی آئےگی۔