مریم نواز کا پنجاب میں ائیر ایمبولینس سروس شروع کرنے کااعلان

نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ ہے ہمارے پاس ایئر ایمبولینس کا نظام نہیں ہے، ہم پنجاب میں ائیرایمبولینس سروس شروع کریں گے۔

مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئےچیف آرگنائزر ن لیگ مریم نواز نے کہا کہ آج جاتی امرا میں پہلی پارلیمانی میٹنگ ہوئی، میں ن لیگ کو مبارکباد دیتی ہوں، آپ کامیاب ہو کر پنجاب اسمبلی پہنچے، ہم پنجاب میں واضح اکثریت لے کر آئے ہیں۔

انہوں نے واضح اکثریت دینے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ اس بار نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد ایم پی ایز بنی ہے، نوجوان ایم پی ایز منتخب ہونے پر بے حد خوشی ہوئی۔

یہ ایک مشکل الیکشن تھا، یہاں جو لوگ موجود ہیں عہد کریں گے کہ پنجاب کا نیا عہد شروع ہوگا،آپ کا ساتھ ہوگا اور عوام کی دعائیں ہونگی تو ہم خدمت کے نئے ریکارڈز قائم کریں گے۔

نامزد وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دعا ہے اللہ ہمیں ساڑھے 12 کروڑ پنجاب کے عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا کرے، پنجاب اپنی ترقی اور خدمت کے نام سے جانا جاتا تھا، شہباز شریف اسے بہترین انداز میں آگے لے کر چلےان کی محنت نظر آتی ہے۔

انکا کہنا تھا کہ ہمارا بنیادی فوکس ہیلتھ یونٹس، رورل ہیلتھ سنٹرز، ڈسپنسریز کی بہتری ، سامان کی فراہمی ہوگا، نرسز کے شعبے پر پوری توجہ ہوگی، پاکستان میں نرسز کی ڈیمانڈ بہت زیادہ ہے لیکن کمی کو پورا کرنے کیلئے اس پر بھی کام کریں گے۔

ہیلتھ کارڈ کو ری ڈیزائن کر کے اسپتالوں میں فری علاج و معالجے کے لیے کام کریں گے، جہاں امرا کا علاج ہوتا ہے وہی سہولیات سرکاری اور پرائیویٹ اسپتالوں میں غریبوں کو دینا ہماری ترجیحات میں شامل ہو گا۔

مریم نواز نے کہا کہ ہمارے پاس ایئر ایمبولینس کا نظام نہیں ہے، پنجاب میں جلد ائیرایمبو لینس سروس کیساتھ ساتھ موٹرویز پرریسکیو 1122 ایمبولینس سروس بھی شروع کریں گے۔

علاوہ ازیں مریم نوازنے کہا کہ حکومت اور جماعت کی سطح پر ہم نے ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ، ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے۔ صحت ،تعلیم ، انفراسٹرکچر،لاء اینڈ آرڈر، زراعت اور آئی ٹی کی مساوی تقسیم ہو گی ،ہر حلقہ ، ڈسٹرکٹ ،یونین کونسل اور ہر ڈویژن ماڈل ہونا چاہیے، کوئی دوسرے سے کم نہیں ہونا چاہیے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مجھے اپنی مخلوق کی بہترین انداز میں خدمت کی توفیق عطا فرمائے، پاکستان خاص طور پر پنجاب کے عوام کا شکر یہ، عوام نے نواز شریف کو مینڈیٹ دیا اور ن لیگ کو سب سے بڑی جماعت کے طور پر الیکشن میں کامیاب کیا۔

نئے جذبے، عزم اور خلوص سے نئے سفر کا آغاز کر رہے ہیں، آپ سب کا اعتماد اور حمایت میرا اصل اثاثہ ہے، دعا ہے اور پوری کوشش ہوگی کہ میں آپ اور عوام کے اعتماد پر پورا اتروں۔

مریم نواز کا کہنا ہے کہ پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیر اعلی ہونے کا اعزاز ملا ہے، میں یہ اعزاز پاکستان کی ہر ماں، بہن ، بیٹی اور بچی کے نام کرتی ہوں، یہ ایک خاتون اور ایک بیٹی کو عزت دی گئی ہے۔

نامزد وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ نواز شریف، شہباز شریف اور جماعت کے تمام اکابرین کا شکریہ ادا کرتی ہوں ، نواز شریف اور شہباز شریف کے زیر سامی ان کی رہنمائی اور تجربے کو ساتھ لے کر چلیں گے ، ان کی پنجاب کو ترقی دینے کی سوچ پر عمل کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور جماعت کی سطح پر ہم نے اپنی ترجیحات کا روڈ میپ مرتب کر لیا ہے، ایم پی ایز میرے بازو اور طاقت ہوں گے، پنجاب کے 297 حلقے میرے لیے ڈسٹرکٹ ہوں گے۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں