پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے اعلان کیا ہے کہ شہباز شریف وزیراعظم کے متفقہ اور آصف علی زرداری صدر کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
وفاق میں حکومت سازی کے معاملے پر ہونے والی بیٹھک کے اختتام پر آصف زرداری، بلاول بھٹو اور شہباز شریف نے مشترکہ پریس کانفرنس کی، اس موقع پر بات کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی کمیٹیوں نے بڑی محنت کے بعد اپنا کام مکمل کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے نمبرز پورے کیے ، اب ہم حکومت بنانے کی پوزیشن میں ہیں، سنی اتحاد کونسل کے پاس حکومت بنانے کے نمبر ز پورے نہیں۔
مزید بولے کہ شہبازشریف ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم ہوں گے، وزیراعظم کے الیکشن کے بعد صدر پاکستان کے الیکشن ہونے جا رہے ہیں جس کے لئے آصف علی زرداری ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سب ملکر ملک کو مسائل سے نکالیں گے۔عوام کی امیدوں کے مطابق پرفارم کریں گے۔
اس موقع پر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا حمایت کرنے پر شکریہ ادا کرتا ہوں.
انہوں نے کہا کہ آزاد امیدواروں کو پیغام دیا کہ حکومت بناسکتےہیں تو بنالیں انہیں دل سے تسلیم کریں گے۔اگر آزاد امیدواروں کی حکومت بنتی تو ہم اپوزیشن میں بیٹھتے تاہم ان کے پاس حکومت بنانے کیلئے نمبرز پورے نہیں۔
مزید بولے کہ میں اپنے قائد نواز شریف کا مشکور ہوں جن کی وجہ سے گفتگو اس حد تک پہنچی ،پاکستان کو اس وقت بے پناہ چیلنجز کا سامنا ہے، صدر زرداری کو 5سال کیلئے منتخب کروائیں گے،ہم مشاورت کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم اس اتحاد میں دہشتگردی کا مقابلہ کریں گے، معیشت کو دوبارہ اپنے پاوں پر کھڑا کرنا ہے،ملک سے بےروزگاری اور مہنگائی کا خاتمہ کرنا ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی گورنرپنجاب، گورنر خیبرپختونخوا، چیئرمین سینیٹ اورصدرمملکت کےعہدےلےگی جب کہ اسپیکر قومی اسمبلی ن لیگ کا ہو گا
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی وفاقی کابینہ کا حصہ نہیں ہو گی۔