پاکستان تحریک انصاف نے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کے الزامات پر جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جمہوریت کو ڈی ریل ہونے سے بچانے کے لیے کوششیں کیں، بروقت انتخابات کے لیے پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن سے بار بار استدعا کی، قومی اسمبلی کی 180 سیٹیں ہیں جہاں ہم کامیاب ہوئے، خیبرپختونخوا سے 42، پنجاب سے 115، سندھ سے 16 اور بلوچستان سے 4 سیٹوں پر ہم کامیاب ہوئے، پنجاب میں 50 کے قریب نشستوں پر ہماری کامیابی کو نہیں ظاہر کیا گیا، سندھ کی سیٹ پر بھی ہمیں کامیابی نہیں ملی وہاں سے بھی پی ٹی آئی کو آؤٹ کرنے کی کوشش کی گئی۔
انہں نے کہا کہ نہ بلا رہا نہ لیڈرشپ، پی ٹی آئی کو ریلیوں اور ورکرز کنونشنز کی اجازت نہیں دی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف پرچے کاٹے گئے، عوام نے 8 فروری کو پی ٹی آئی کو ووٹ دیا، فارم 45 پی ٹی آئی کے ساتھ ن لیگ ، پیپلز پارٹی سمیت تمام پارٹیوں کو ملا، آراو کی ذمہ داری ہے فارم 45 کے تحت ڈیٹا اکٹھا کرے اور فارم 47 بنائے۔ اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے کہا کہ 12ماہ پی ٹی آئی کارکنان کے ساتھ پولیس گردی کی گئی، پی ٹی آئی کارکنوں کو دیوار سے لگایا گیا، مقدمات بنائے گئے، اب بھی مختلف کیسز میں پولیس غیرقانونی دباؤ ڈال رہی ہے، جو کام کیا جارہا ہے یہ کسی نگراں حکمرانوں کا نہیں تھا، پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، مختلف لوگ کہتے تھے پی ٹی آئی کے پولنگ ایجنٹ اور امیدوار نہیں ہوں گے، ہمارے امیدوار بھی سب سے زیادہ تھے اور پولنگ ایجنٹ بھی موجود تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ کمشنر راولپنڈی نے ہمارے مؤقف کی تصدیق کی، ہمارا مطالبہ ہے کہ ہمارے 180 امیدواروں کو کامیاب قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے، کراچی میں ہماری 18 سے 19 نشستیں ایم کیوایم نے چرائی ہیں، کراچی کی سیٹوں پر پی ٹی آئی کو کامیاب قرار دیا جائے، پی ٹی آئی نے انتخابات میں 180 سیٹیں جیت کر ثابت کردیا، قومی اسمبلی میں وزارت عظمیٰ کا الیکشن لڑوں گا، ان شااللہ پی ٹی آئی مرکز اور صوبوں میں حکومت بنائے گی، یہ جیت پی ٹی آئی اوربانی پی ٹی آئی کی ہوگی۔