پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی نہیں کہا کہ ہم حکومت میں شامل ہورہے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ” پاکستان ٹو نائٹ ود سید ثمر عباس” میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ہماری پوزیشن وہی ہے جو کل تھی ، ابھی تک اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی، کل ہماری میٹنگ ہونی ہے اس میں اپنی اپنی تجاویز سامنے آئیں گی،اگر اس میں کوئی تبدیل شدہ تجویزآتی ہے تو اس پر کل بات ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ میں آج تک کابینہ میں شمولیت کے امکان کو مسترد کرتا ہوں، پیپلز پارٹی ہمیشہ غیر آئینی راستوں کو روکنے کی بات کرتی ہے، پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ہے۔
جمہوریت اوروفاق کو خطرات سے متعلق باتیں قیاس آرائیاں ہیں، پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے کے علاوہ اور کوئی راستہ ہی نہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے دوستوں کو ناراض کر کے سابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈائیلاگ کا راستہ کھولنے کی کوشش کی تھی، 9مئی نے پورے پاکستان کو اپنے جکڑ میں لے لیا ہے۔
ہم نے تمام سیاسی جماعتوں سے بات کرنے کیلئے کمیٹی بنائی ، ہم نے مسلم لیگ ن کو واضح کہہ دیا ہے کہ ہمارے پاس سیٹیں نہیں، ہم نے مسلم لیگ ن کو کہا کہ آپ کے پاس سیٹیں زیادہ ہیں آپ حکومت بنائیں۔
انکا کہنا تھا کہ ہم مل کے چلنے کو تیار ہیں، ہم آپ کا ساتھ دیں گے، کل ہماری پھر میٹنگ ہونے کاامکان ہے، توقع ہے کہ مسلم لیگ ن حکومت بنائے گی، مسلم لیگ ن کے وزرا ہوں۔
ن لیگ کے کچھ لوگوں کی زاتی رائے ہے کہ کچھ وزارتیں لی جائیں اور سینیٹ کی چیئرمین شپ کیلئے بیٹھ کر بات ہو جائے گی۔
قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ زرداری کے صدر بننے پر راضی ہے ہم پہلے ہی کہ چکے ہیں کہ ن لیگ کو وزیراعظم کیلئے ووٹ دیں گے ۔