اماراتی شہزادے کا روپ دھار کر سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے والا جعلساز گرفتار 38 سالہ لبنانی شخص گذشتہ کئی سالوں سے سرمایوں کاروں کو لاکھوں درہم کا دھوکہ دے چکا ،دنیا بھر میں لوگوں کو لوٹنے والے جعلساز کو ایف بی آئی نے گذشتہ ہفتے گرفتار کیا

اماراتی شہزادے کا روپ دھار کر سرمایہ کاروں کو دھوکہ دینے والے جعلساز کو گرفتار کر لیا گیا۔خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق 38 سالہ لبنانی الیکس ٹینوس گذشتہ کئی سالوں سے اماراتی شہزادے کا روپ دھار کر سرمایوں کاروں کو لاکھوں درہم کا دھوکہ دے چکا ہے۔38 سالہ جعلساز کی دھوکہ دہی کی یہ سرگرمیاں بالآخر گزشتہ ہفتے اپنے انجام کو پہنچ گئیں۔

ایف بی آئی نے ملزم کو بیرون ملک سے امریکہ واپس آنے پر گرفتار کیا جہاں وہ بچوں کی تحویل کے ایک کیس سے متعلق آیا تھا۔ملزم کو گزشتہ جمعہ کو سان انتونیو کی وفاقی عدالت میں پیش کیا گیا۔ملزم کو جرم ثابت ہونے پر ممکنہ طور پر 20 سال قید کی سزا کا سامنا کرنا پڑے گا۔ایف بی آئی کی طرف سے جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق ملزم نے طویل عرصے سے متحدہ عرب امارات سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر اور سفارت کار کا روپ دھار رکھا تھا اور اماراتی شاہی خاندان سے قریبی تعلق کا دعویٰ کیا تھا۔

بعدازاں ملزم کے ایک انتہائی چالاک جعلساز ہونے کا انکشاف ہوا جو متاثرین کو دھوکہ دینے کا ماہر ہے۔ملزم متاثرین کو قائل کرنے کے اپنے قیمتی تحائف کا استعمال بھی کرتا تھا۔خلیج ٹائمز کی تحقیقات کے مطابق الیکس ٹینوس کے ذریعے چلائی جانے والی مکروہ اسکیمیں سان انتونیو سے بھی آگے پھیلی ہوئی ہیں جو پوری دنیا کے افراد کو اپنے جال میں پھنساتی ہیں۔

بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے مارک ڈی سپیگلیری بھی الیکس ٹینوس کے دھوکے میں آگئے۔ان کا کہنا ہے کہ ٹینوس کی گرفتاری سے شاید میرے 2.77 ملین درہم اور زندگی کے دس قیمی سال واپس نہیں آ سکتے تاہم اس کے اگلے دو دہائیاں سلاخوں کے پیچھے گزارنے کا امکان مجھے اور دیگر تمام متاثرین کو تسلی دے گا۔متاثرہ شخص نے خلیج ٹائم کو اپنے ساتھ ہونے والے دھوکے سے متعلق بتایا کہ یہ 2012 کی بات ہے جب ملزم نے ایک مقامی بینک کو وائرنگ فنڈز کا ذکر کیا اور وہ اس میں سرمایہ کاری کرنے پر راضی ہو گئے تھے۔

اس مقصد کے لیے اس نے پام جمیرہ میں ہماری میزبانی کی اور دعویٰ کیا کہ اس کے شاہی خاندان کے ساتھ قریبی مراسم ہیں۔اسی طرح لیبیا سے تعلق رکھنے والے عمر وائے ابوالہالہ نے بتایا کہ اس نے ملزم کے خلاف دبئی کی عدالتوں سےرجوع کیا اور الزام لگایا کہ میرے ساتھ ملزم نے 1.15 ملین درہم کا دھوکہ کیا۔حیران کن طور پر الیکس ٹینوس کا نام ایک ویب سائٹ پر متحدہ عرب امارات کے لیے عالمی امن کے سفیر کے طور پر درج ہے،جب کہ ایک دوسری ویب سائٹ پر دبئی میں مقیم ایک جماعت کے بانی اور چیئرمین کے طور پر موجود ہے۔

تاہم عدالتی ریکارڈ کے مطابق ملزم اپنے والدین کے الاؤنسز اور اپنی سابقہ ​​بیوی کی کمائی پر منحصر تھا۔ملزم نے 2021 کے اوائل میں اپنے فنڈز کی وصولی کے خواہاں سرمایہ کاروں سے بچنے کے لیے دیوالیہ پن کا دعویٰ بھی کیا۔

Spread the love

اپنا تبصرہ بھیجیں