کراچی میں گورنرسندھ کامران ٹیسوری سے سربراہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) پیرپگارا نے ملاقات کی، جس میں سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوسری طرف اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کہا ہے کہ پیر پگارا روڈ کی سیاست کریں گے تو پھر ہم بھی کچھ کریں گے۔
کامران ٹیسوری سے ملاقات کے موقع پر پیر پگارا نے الزام لگایا کہ پیپلزپارٹی نے انتخابی نتائج خریدے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج کسی ادارے کےخلاف نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے 16 فروری کو حیدرآباد بائی پاس پر دھرنا دینے کا اعلان کر رکھا ہے۔
سربراہ جی ڈی اے نے کہا کہ ہمارا احتجاج انتخابی نتائج اور دھاندلی کےخلاف ہے۔
پیر پگارا کا کہنا تھا کہ ہمارا احتجاج الیکشن بیچےجانے کےخلاف ہے۔
’پیر پگارا روڈ کی سیاست کریں گے تو پھر ہم بھی کچھ کریں گے‘
اس سے قبل اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیر پگارا کو روڈ کی سیاست کا شوق ہے تو پورا کرلیں، دھاندلی ہوئی ہے وہ الیکشن کمیشن سے رابطہ کریں۔
انھوں نے کہا کہ لوگوں کو تنگ نہ کریں، احتجاج سے لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے، ہم روڈ سیاست نہیں کرتے ہیں، جب وہ روڈ کی سیاست کریں گے تو پھر ہم بھی کچھ کریں گے۔
واضح رہے کہ دھرنے کے اعلان کے بعد جی ڈی اے کے سربراہ پیر پگارا نے کہا تھا کہ بھٹو اور بے نظیر کے دور میں بھی پیپلز پارٹی نے سندھ میں اتنی نشستیں نہیں جیتی تھیں، یہ آر او اور ڈی آر اوز کا الیکشن تھا، پورا سندھ آصف زرداری کو دے دیا گیا ہے۔